اسلام آباد (ویب ڈیسک)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کو بر وقت انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کاحکم دیتے ہوئے کہاہے کہ بر وقت پارٹی الیکشن نہ کرانا قانون اور جماعتی دستور کی خلاف ورزی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے پر ای سی پی نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کیا ہے۔مراسلے میں الیکشن کمیشن نے کہا یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ سیاسی جماعتیں بروقت پارٹی الیکشن نہیں کراتیں، بر وقت پارٹی الیکشن نہ کرانا قانون اور جماعتی دستور کی خلاف ورزی ہے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ جب وقت گزر جاتا ہے تو پھر سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن سے مہلت کے لیے درخواستیں کی جاتی ہیں، مراسلے میں ای سی پی نے حکم دیا کہ سیاسی جماعتیں مقررہ وقت کے اندر انٹرا پارٹی الیکشن یقینی بنائیں۔مراسلے میں واضح کیا گیا کہ سیاسی جماعتیں ہر 5 سال کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی پابند ہیں۔