وزیر داخلہ کی   اپوزیشن کو  ای وی ایممعاملہ پر مزاکرات کی پیشکش
پاکستان کی تمام سرحدیں محفوظ اور پر امن ہیں،کسی جگہ کوئی ٹینشن نہیں،شیخ رشید احمد
اتنی نیوزی لینڈ میں فورسز نہیں ہوں گی جتنی پاکستان نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لئے سیکیورٹی مہیا کی
دشمن پاکستان کو ہائبرڈ وار اور انٹرنیشنل میڈیا کے زریعہ نقصان پہنچانا چاہتا ہے
شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر صوبوں کی درخواست پر موبائل فون سروس بند رہے گی
وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس

اسلام آباد ( ویب  نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں  اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ  الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملہ پر حکومت کے ساتھ  بیٹھے اور بات  چیت کرے ۔  وزیر اعظم  عمران خان اور کابینہ کا فیصلہ ہے کہ ای وی ایم کے استعمال کے حوالہ سے  بل اسمبلی سے پاس کروا کر اگلا الیکشن ای وی ایم کے تحت ہو گا۔ اپوزیشن کی جانب سے 52جلسوں  کے انعقاد کا مطلب ہے کہ یہ الیکشن کی تیار  ی میں نکل آئے ہیں۔شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر صوبوں کی درخواست پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔ میرے بارڈر کے دورے سے بھارت کو کیا تکلیف ہے، میرا دورہ جنگ کے لئے نہیں بلکہ امن کے  لئے ہے۔  بھارت کے پاس دو ہی خبریں ہیں ایک شیخ رشید اور دوسری طالبان ہیں۔ دشمن پاکستان کو ہائبرڈ وار اور انٹرنیشنل میڈیا کے زریعہ نقصان پہنچانا چاہتا ہے،

پاکستان کے تمام بارڈرز محفوظ اور پر امن ہیں اور کسی جگہ کوئی ٹینشن نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے پیر کے روز وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد  پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے ہم نے16ہزار افراد کا انخلاء کیا ہے جس میں سفارتکار شامل ہیں،نیٹو فورسز شامل ہیں ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے لوگ شامل ہیں اور کوئی چار ہزار لوگ طورخم اور چمن سے واپس گئے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ پاکستان ، افغانستان  میںامن اور استحکام چاہتا ہے ، پاکستان سے افغانستان کے امن کا تعلق ہے، وزیر اعظم عمران خان نے تاجکستان میں کہا کہ وہ افغانستان میں مخلوط حکومت بنانے کی بھر پور کوشش کریں گے،وزیر داخلہ نے کہاکہ جن لوگوںکے دو پاسپورٹ یا دو شناختی کارڈ ہیں اور جن لوگوں کا ویزہ ختم ہو چکا ہے اور وہ بڑے عرصہ سے چھپے بیٹھے ہیں ان کے حوالہ سے کابینہ میں سمری بھیج رہے ہیں کہ وہ31اکتوبر تک اپنا ایک پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ختم کروادیں ۔19اور20 صفر کے لئے پاک فوج، رینجرز اور سول آرمڈ فورسز کی صوبوں کی ضرورت کے مطابق تعیناتی کی اجازت دی گئی ہے اور چالیسویں کے دن صوبوں کی درخواست پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں مردم شماری کے مطابق اب50کی بجائے100وارڈز پر الیکشن ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلال صحافی یا بلاگر قتل ہوئے تھے اور بہت پروپیگنڈا کیا گیا کہ یہ ایجنسیوں نے کروایا ہے اور فلاں نے کروایا ہے ، اس کے قاتل کو ہم نے گرفتار کر لیا ہے اور اسلام آباد پولیس اس کا ریمانڈ لے گی اور اس کے قتل کی وجہ مسلکی تنازعہ نکلی ہے اور اس کا کوئی صحافی ہونا یا بلاگر ہونا یا یوٹیوبر ہونا مسئلہ نہیں تھا۔ اسلام آباد میں 511مدارس اور ایک ہزار مساجد ہیں اور صرف ایک مدرسہ کا مسئلہ ہے ، ہماری انتطامیہ، اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ لوگ ان سے رابطہ میں ہیں اور ان سے مذاکرات میں رہتے ہیں اور جب بھی کوئی مسئلہ کھڑا ہوتا ہے تو اسلام آباد انتظامیہ ان سے مذاکرات کرتی ہے تاکہ ایک تصفیہ طلب حل نکالا جائے۔ ہماری کوشش ہے کہ باہمی افہام وتفہیم سے معاملات کو حل کیا جائے تاکہ کوئی بدمزگی پیدا نہ ہو۔  وزیر داخلہکا کہنا تھا کہ میں زور دے کرکہنا چاہتا ہوں کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا الزام ہمارے اوپر اپوزیشن اور دوسرے لوگ دے رہے ہیں ،  برائے مہربانی شیشے کے گھر میں بیٹھ کر وزارت داخلہ یا شیخ رشید پر پتھر نہ ماریں، پہلی دفعہ ہوا کہ کابینہ نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو آرمی کی سیکیورٹی فراہم کی،یہ وزارت کا نہیں بلکہ کابینہ کا فیصلہ تھا، اتنی نیوزی لینڈ میں فورسز نہیں ہوں گی جتنی پاکستان نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لئے سیکیورٹی مہیا کی اور یہ ہمارا فرض تھا۔ پاکستان سری لنکا کی ٹیم آئی اور دیگر ٹیمیں آئیں کوئی مسئلہ نہیں تھا، لیکن اچانک انہوں نے جانے کا فیصلہ کیا، قوم کو دکھ اور افسوس ضرور ہے لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مایوسی کفر ہے، ایک دن آئے گا کہ یہ ساری ٹیمیں کھیلنے آئیں گی، پاکستان کا اس خطہ میں اہم کردار ہے ، پاکستان اس خطہ کی چرچل پوسٹ پر بیٹھا ہوا ہے اور گردونواح میں سپر پاورز کے ساتھ ہمارے بارڈرز لگتے ہیں ، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم پاکستان کی بہتر، سلامتی اور ترقی کے لئے اپنی تمام تر کوششوں کا استعمال کریں گے ،

بھارت کو افغانستان میں سبکی ہوئی ہے اور اسے مایوسی ہوئی ہے اور اس کا سارا ماسٹر پلان ناکام ہوا ہے ،اس کا سارا ملبہ وہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔ پاکستان ساری دنیا سے تعلقات بہتر رکھنا چاہتا ہے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آج روس میں کیا ہوا ہے ایک طالب علم نے آٹھ یا10بندے مار دیئے ہیں ، دنیا کے دالحکومتوں میں کیا ہوتا ہے ایک بندہ 20،20یا30،30بندے مار دیتا ہے اور کہتے ہیں کہ اس کاذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا اور یہ ذہنی مریض تھا ، ہمارے ہاں ایک چھوٹی سی پھلجڑی بھی چلتی ہے تو کہتے ہیں کہ اسلامی انتہا پسندی ہے،ہم سے جو سلوک کیا جارہا ہے ہم اس کے مستحق نہیں ہیں،ہم نے 86ہزار لوگوں کی قربانیاں دی ہیں جن  میںفوج، پولیس اور سویلین   شامل ہیں اور دنیا کو امن دینے کے لیئے  ایک لاکھ سے زیادہ اپاہج ہوئے ہیں اس لئے ہمارے امن اور قربانیوں کا احترام کیا جائے۔ پاکستان کی ایجنسیاں دنیا کی مضبوط ترین ایجنسیاں ہیں اور دنیا کی سمارٹ ترین ایجنسیاں پاکستان کی ایجنسیاں ہیں ان کے پاس کوئی تھریٹ الرٹ نہیں تھا، ثابت ہو گیا ہے کہ جو ای میل آئی ہے وہ بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم کے جانے کے بعد آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس دو ہی خبریں ہیں ایک شیخ رشید اور دوسری طالبان ہیں۔ ZS