(ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک سپرد خاک

نمازجنازہ میں شہباز شریف ، خواجہ آصف سمیت لیگی رہنمائوں کی شرکت

لاہور (web نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)لیگ لاہور کے سابق صدر، سابق وفاقی وزیر تجارت اور رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک کو لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں محمد شہباز شریف، (ن)لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان، سردار ایاز صادق، خواجہ محمد آصف،رانا تنویر حسین، چوہدری محمد برجیس طاہر، میاں جاوید لطیف، خواجہ محمد سعد رفیق،رانا مشہود ا،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، لارڈ مئیر لاہور کرنل (ر)محمد مبشر جاوید سمیت دیگر (ن)لیگی رہنمائوں نے محمد پرویز ملک کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد محمد پرویز ملک کی تدفین میانی صاحب قبرستان میں کردی گئی۔واضح رہے کہ محمد پرویز ملک گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔ محمد پرویز ملک کی عمر 73سال تھی اور وہ 18نومبر 1947کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے ۔محمد پرویز ملک کچھ عرصہ سے علیل تھے۔ محمد پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک اور ان کا بیٹا علی پرویز ملک بھی اس وقت اراکین قومی اسمبلی ہیں۔محمد پرویز ملک سابق اٹارنی جنرل ملک عبدالقیوم کے بھائی ہیں۔ محمد پرویز ملک لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133سے 2018کے انتخابات میں مسلسل پانچویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔محمد پرویز ملک پہلی مرتبہ 1997کے انتخابات میں لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے95سے (ن)لیگ کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ محمد پرویز ملک 2002کے انتخابات میں لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے120سے (ن)لیگ کے ٹکٹ پر33741ووٹ حاصل کر کے  دوسری مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ محمد پرویز ملک 2008کے انتخابات میں لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 123سے (ن)لیگ کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کی جانب سے چھوڑی ہوئی نشت پر ضمنی انتخابات میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ محمد پرویز ملک 2013کے انتخابات میں لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے123سے ایک لاکھ26ہزار878وو ٹ لے کر چوتھی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔محمد پرویز ملک 2018کے انتخابات میںلاہور سے قو می اسمبلی کے حلقہ این اے 133سے 89,699ووٹ لے کر پانچویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ محمد پرویز ملک نے چار اگست2017سے31مئی2018تک (ن)لیگی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں بطور وزیر تجارت و ٹیکسٹائل خدمات انجام دیں۔ محمد پرویز ملک طویل عرصہ تک بطور صد (ن)لیگ لاہور خدمات انجام دیتے رہے تاہم کچھ عرصہ قبل انہوں نے خرابی صحت کی بناء پر یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا.