ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ملک چلانے کیلئے پیسہ نہیں ،تقریب سے خطاب

اسلام آباد (ویب  نیوز)

وزیراعظم عمران خان نے ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا افتتاح کردیا ، افتتاحی تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ  ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مالیاتی امور میں شفافیت کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ، نئے سسٹم کے اجراء پر مشیر خزانہ اور ایف بی آر کی ٹیم  مبارکباد کی مستحق ہے ۔ مستقبل میں  اس نظام کے بہتر اثرات مرتب ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ملک چلانے کیلئے پیسہ نہیں ہے جس کی وجہ سے قرضے لینے پڑتے ہیں یہ پاکستان کا مسلسل مسئلہ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر آپ کے خرچے زیادہ اور آمدن کم ہو تو مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ ہمارے ہاں ٹیکس کلچر کبھی بنا ہی نہیں ہے۔ کرپٹ مافیا نے کبھی بھی پاکستان میں ٹیکس کلچر کو فروغ نہیں پانے دیا۔ ٹیکس چوری کو لوگ برا نہیں سمجھتے۔ ماضی میں لوگوں کو خدشہ تھا کہ ان کا دیا ہوا ٹیکس چوری ہوکر باہر چلا جائے گا ترقی یافتہ ملکوں میں کوئی سوچ نہیں سکتا،وزیر اعظم نے کہاکہ اب ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔ ٹیکس کے بغیر ہم چل نہیں سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ 2008 سے 2018 تک پاکستان کا 4 گنا زیادہ قرضہ بڑھا ۔ بے دریغ قرضہ لینے والوں کو سزائیں ملنی چاہئیں۔ گزشتہ حکمرانوں نے بیرونی دوروں پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ بے دریغ خرچ کیا جس سے لوگوں کو اعتماد نہیں رہا ۔وزیراعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت میں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا ہوا ہے۔ امید ہے ٹیکس کی شرح6 ہزار ارب تک پہنچ جائے گی۔ عمران خان نے کہاکہ 6 ہزار ارب میں سے 3 ہزار ارب  ماضی کے حکمرانوں کے لئے ہوئے قرضہ کی قسطوں میں چلا جائے گا باقی کروڑوں لوگوں کیلئے صرف 3ہزار ارب روپے بچ جائیں گے اس پیسے سے ہم نے عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات دینی ہیں اور پھر سرمایہ کاری بھی کرنی ہے۔ یہ سب کچھ کرنا کتنا مشکل ہے ۔ زراعت کو بھی فروغ دینا ہے یہ سب کچھ کرنے کیلئے  قرضہ لینا پڑتا ہے اور اس  پر سود دینا پڑتا ہے ،وزیر اعظم نے کہاکہ ہم ایک عجیب چکر میں پھنسے ہوئے ہیں اس چکر سے نکلنے کیلئے ٹیکس کو تیزی سے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ یہ ٹیکنالوجی کی طرف جانے سے ہی ممکن ہے آج کا اقدام اس حوالے سے بہت اہم ہے ۔ مجھے امید ہے کہ ہم جس تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں ہمارے ٹیکس محصولات  جلد 8ہزار ارب روپے تک پہنچ جائیں گے ۔ ٹیکس محصولات  کے اضافے میں ایف بی آر کا بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم لوگوں پر مشتمل ہے ہمارے پاس ٹیکس اکٹھا ہوگا تو ہم ان پرخرچ کرپائیں گے۔ ٹریک اینڈ ٹریس نظام اہم شعبوں کی الیکٹرانک نگرانی یقینی بنائے گا ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوگا۔