پی ڈی ایم کی آڑ میں نواز لیگ ڈیل میں مصروف ہے: حافظ حسین احمد

شریف خاندان پی ڈی ایم کو رینٹل احتجاج اور اداروں پر دباؤ کے لیے استعمال کررہا ہے

نواز لیگ کرپشن کے حوالے سے اپنے مقدمات اور معاملات کے لیے درپرہ مفاہمت میں مشغول ہے

مسلم لیگ ن نہ استعفے دے گی اور نہ کسی لانگ مارچ یا شارٹ مارچ اور نہ کسی احتجاجی پروگرام میں عملاً شریک ہو گی

پی ڈی ایم کا ہر سربراہی اجلاس عمران نیازی کی دم توڑتی حکومت کے لیے آکسیجن کا سلنڈر ثابت ہورہا ہے

مولانا فضل الرحمن نے نوازشریف کی خوشنودی کے لیے جے یو آئی ف کو دلدل میں ڈال دیا ہے

پارٹی کے لیے ہمارے مخلصانہ مشوروں کی ٹمٹماتی شمع کے مقابلے میں ”شریفانہ چمک“ آئی تو موجودہ صورتحال سامنے آئی

 کوئٹہ/کراچی(ویب نیوز ) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا ہر سربراہی اجلاس عمران خان نیازی کی دم توڑتی حکومت کے لئے آکسیجن کا سلنڈر ثابت ہو رہاہے۔ وہ منگل کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار سالوں سے اپوزیشن عمران خان نیازی کی دھاندلی زدہ حکومت کو گرانے کے لیے ”رینٹل مارچ“ سے لیکر اب مجوزہ ”مہنگائی مارچ“تک پی ڈی ایم کے کسی اجلاس میں نہ کوئی موثر فیصلہ ہو ااور جو فیصلے ہو ئے بھی ان پر بھی عملدرآمد نہ ہوسکاہم شروع سے کہہ رہے تھے کہ نواز لیگ کرپشن کے حوالے سے اپنے مقدمات اور معاملات کے لیے درپردہ مفاہمت اور ڈیل میں مصروف و مشغول ہے جب کہ پی ڈی ایم کو رینٹل احتجاج اور اداروں پر دباؤ کے لیے استعمال کررہے ہیں مسلم لیگ ن نہ استعفے دے گی اور نہ کسی لانگ مارچ یا شارٹ مارچ اور نہ کسی احتجاجی پروگرام میں عملاً شریک ہو گی۔ حافظ حسین احمد نے کہا یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف پی ڈی ایم کے کسی بھی سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرتے تاکہ کوئی مذاحمتی احتجاجی پروگرام طے نہ ہوسکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن نے نوازشریف کی خوشنودی کے لیے جے یو آئی ف کو دلدل میں ڈال دیا ہے جن خدشات کا اظہارہم پارٹی کے اجلاسوں میں برملا کرتے رہے مگر پارٹی کے لیے ھمارے مخلصانہ مشورے کی ٹمٹماتے شمع کے مقابلے میں جب ”شریفانہ چمک“ آئی تو موجودہ صورتحال سامنے آئی۔