پاکستان کی ترقی یونیورسٹیوں کے پروفیسرزکے ہاتھوں میں ہے‘
وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈاکٹر افتخار احمد کا اکیڈمک آڈٹ کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب
ڈیرہ اسماعیل خان(ویب نیوز )پاکستان کی ترقی یونیورسٹیوں کے پروفیسرزکے ہاتھوں میں ہے اور کوئی پروفیسر یہ شکوہ یا گلہ نہیں کرسکتا ہے کہ اس کے پاس اختیارات نہیں ہے۔ سمسٹر سسٹم میں سب اختیار پروفیسرز کے پاس ہے کیونکہ وہ تعلیمی معیار کے ذمہ دارہیں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے گومل یونیورسٹی میں ”اکیڈمک آڈٹ:علمی معیشت کی طرف ایک قدم“کے عنوان پرپاکستا ن میں پہلی مرتبہ ہونیوالی ورکشاپ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں پروفیسر ڈاکٹر خیر الزمان سمیت گومل یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے ڈینز، رجسٹرار،سربراہان، اساتذہ اورانتظامی افسران بھی موجود تھے۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ آج کے موضوع پربات کرناوقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیمی نظام میں فیکلٹی ممبرز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اورفیکلٹی ممبرز ہی سمسٹر سسٹم کو کامیاب بناسکتے ہیں۔ ڈاکٹر افتخار نے مزید کہا کہ 2002میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن بنااورنالج اکانومی میں کردار ادا کرنے کیلئے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کو اینول سسٹم سے سمسٹر سسٹم میں تبدیل کیاگیاجس کو 90کی دہائی میں برطانیہ نے اپنایا،اور یہی سمسٹر سسٹم امریکہ سمیت ترقی یافتہ ممالک کی دیگر یونیورسٹیوں میں رائج ہے اوراس نظام تعلیم کی بدولت وہ ممالک آج دنیا پر حکومت کررہے ہیں۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ 19سال بعد بھی ہم نے دنیا کا جو بہترین سمسٹر سسٹم اختیار کیا تھا اس سے وہ نتائج نہیں مل رہے ہیں جو ترقی یافتہ ممالک لے رہے ہیں اورہمارا تعلیمی نظام بہتری کی طرف گامزن نہیں ہو سکا۔اس لئے نظام تعلیم کو بہتری کی راہ پر ڈالنے کیلئے آج اکیڈمک آڈٹ کا نیا تصو ر لیکرہم گومل یونیورسٹی سے ایک نئی تاریخ کاآغاز کررہے ہیں۔ڈاکٹر افتخار نے مزید کہا کہ آج میں آپ سے بحیثیت ایک استاد بات کر رہا ہوں نہ کہ وائس چانسلر کیونکہ ایک استاد ہی اس کو صحیح معنوں میں سمجھ سکتا ہے کہ ہمارا تعلیمی نظام دن بدن تنزلی کا شکار کیوں ہے اور اس تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور اس سے خاطر خواہ نتائج کے حصول کیلئے نہ صرف ہمیں سوچنا ہو گا بلکہ عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے جس سے طلباء کے معیار تعلیم کو بہتر بنایا جاسکے۔تاکہ ہمارے فارغ التحصیل طلباء بین الاقوام کے ساتھ گلوبل جاب مارکیٹ میں مقابلہ کر سکیں۔ ورکشاپ کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر اسلم خان نے کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈپٹی ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر محمد شعیب نے ادا کئے۔