قومی اسمبلی اجلاس، منی بجٹ پر اپوزیشن کی ترامیم مسترد….ترمیم کے حق میں 150 جبکہ مخالفت میں 168 ووٹ پڑے

صرف ساڑھے تین ٹریلین کو دستاویزی شکل دی جاتی ہے، فنانس بل پر اپوزیشن کا واوایلا بے بنیاد ہے ،شوکت ترین

وزیرخزانہ بتائیں منی بجٹ کی ضرورت کیوں پیش آئی، کیا ریونیومیں کمی یا اخراجات بڑھ گئے ہیں،شاہد خاقان عباسی

کسٹمز ایکٹ پہلے بینک گارنٹی دی جاتی تھی اب کارپویٹ گارنٹی مانگ رہے ہیں جس سے امپورٹر کے کیش فلو پر اثر پڑے گا ،نوید قمر

حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، پیٹرول مہنگا کر کے انہوں نے گاڑی والے کو موٹرسائیکل پر منتقل کر دیا، احسن اقبال

علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کیوں جاری نہیں ہوئے؟ضم کرتے وقت ہمارے ساتھ کیے گئے وعدے ابھی تک پورے نہیں کیے گئے، فنڈز میں بھی صوبائی حکومت خورد برد کر رہی ہے ،محسن داوڑ

اسلام آباد( ویب نیوز) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ضمنی مالیاتی بل پر اپوزیشن کی ترامیم مسترد کر دی گئیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بھی شرکت کی۔ ان کی آمد پر ارکان اسمبلی نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا جبکہ اپوزیشن نے وزیراعظم کیخلاف نعرے لگائے۔اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور بلاول بھٹو سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اپوزیشن کی جانب سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، محسن داوڈ اور نوید قمر نے ترامیم پیش کیں۔ جبکہ سپیکر نے ترمیم پر زبانی رائے شماری دی جسے اپوزیشن نے چیلنج کیا، سپیکر کی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کو کھڑے ہونے کی ہدایت کی، سپیکر کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کی ترمیم پر گنتی کی گئی ہے۔ ترمیم کے حق میں 150 جبکہ مخالفت میں 168 ووٹ پڑے۔ اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیرخزانہ شوکت ترین بتائیں منی بجٹ کی ضرورت کیوں پیش آئی،پاکستان کی تاریخ میں اتنے زیادہ ضمنی ٹیکسز کسی ضمنی بجٹ میں آج تک پیش نہیں کیے گئے۔ فنانس بل پاس کرائے ہوئے 6 مہینے ہوئے ہیں، کیا ریونیومیں کمی یا اخراجات بڑھ گئے ہیں، عوام پر 350ارب کا بوجھ ڈالاجائے گا۔ ہرماہ پٹرول اوربجلی مہنگی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہ بتائیں کہ کون سی چیزیں مہنگی ہوں گی بس یہ بتادیں کہ کون سی چیزیں مہنگی نہیں ہوں گی کیونکہ اس بل کے بعد مزید مہنگائی آئے گی، پیٹرول بھی 4 روپے ماہانہ بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ بجلی کے بل بھی بڑھ رہے ہیں، 4 روپے 60 پیسے کا اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ بھی اضافہ اس لیے ہے کہ ہم گیس نہیں لی اور تیل سے مہنگی بجلی بنا رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ یہ ٹیکس کا طوفان نہیں ہے، 343 ارب میں سے 200 ارب ریفنڈ ہو جائیں گے۔ یہ ٹیکس نہیں یہ معیشت کی ڈاکومینٹیشن ہے۔ سب کو معلوم ہو گا کس نے کتنا کمایا، واویلا مچا رہے ہیں کہ غریب تباہ ہو گیا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا کہ علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کیوں جاری نہیں ہوئے، اپوزیشن نے مشترکہ طور پر پروڈکشن آرڈر کیلئے درخواست دی تھی، آپ نے وزیرستان کو ایوان میں حق سے محروم رکھا۔ہمیں جب ضم کیا جا رہا تھا تو وعدے ہمارے ساتھ کیے گئے تھے وہ ابھی تک پورے نہیں کیے گئے، فنڈز میں بھی صوبائی حکومت خورد برد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ترمیم میں مطالبہ کیا ہے جو ہمارے معمول کی تجارت ہوتی تھی وہ ڈسٹرب ہوگئی ہے، پاک-افغان سرحد پر قائم کسٹم ہائوسز ہیں ان کو سیٹل ضلعوں پر لے جائیں کیونکہ ضم ہونے سے پہلے ایسا ہی تھا۔پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ ہم نے یہ ترمیم پاکستان میں کاروبار اور صنعتی ریل پیل کو بڑھانے کے لیے تجویز کی ہے، کسٹمز ایکٹ پہلے بینک گارنٹی دی جاتی تھی لیکن اب اس کی جگہ کارپویٹ گارنٹی مانگ رہے ہیں جس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ امپورٹر کے کیش فلو پر اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ پرانا نظام ہی رہنے دیتے تو بہتر تھا، ہم جانتے ہیں کہ آپ درآمدات کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتے ہیں لیکن اس قسم کی درآمدات خام مال اس پر اثر ڈالے گا لہذا حکومت اس سے دستبردار ہونے پر نظرثانی کرے۔پاکستان مسلم لیگ( ن )کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ 6ماہ قبل وزیر خزانہ نے ایوان میں کہا تھا کہ ہم نے ملکی معیشت کو بچا لیا ہے۔ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، پیٹرول مہنگا کر کے انہوں نے گاڑی والے کو موٹرسائیکل پر منتقل کر دیا، حکومت نے طبی آلات پر بھی ڈیوٹی لگا دی، وزیرخزانہ کہہ رہے تھے یہ بل ناگزیرتھا۔وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ شاہد خان عباسی اور دیگر اراکین نے پوچھا کہ یہ بل کیوں لے کر آ رہے ہیں تو میں انہیں یہ یاد دلانا چاہتا ہوں کہ میں جب آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ آپ ان پٹ اور آٹ پٹ میں توازن لائیں، اگر آپ نہیں کرے گے تو جی ایس ٹی پورا نہیں ہو گا، ہم اس کو دستاویزی شکل دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج ہماری 18 سے 20ٹریلین کی ریٹیل سیلز ہیں، اس میں سے صرف ساڑھے تین ٹریلین کو دستاویزی شکل دی جاتی ہے، جب بھی دستاویزی شکل دینے کی بات کی جاتی ہے تو شدید واویلا مچ جاتی ہے کیونکہ سب نے بندر بانٹ کی ہوئی ہے،فنانس بل پر اپوزیشن کا واوایلا بے بنیاد ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈبل روٹی، دودھ وغیرہ کو ٹیکس سے نکال دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 343ارب میں سے 280ارب ری فنڈ ہوجانا ہے اور بقیہ صرف 71ارب رہ جاتا ہے تو یہ ٹیکس کا طوفان نہیں بلکہ اس کو دستاویزی شکل دینا ہے لیکن اس سے سب بھاگتے ہیں کیونکہ ان کی آمدن کو دستاویزی شک دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں آمدن اور کھپت پر ٹیکس لگایا جاتا ہے لیکن یہاں انکم پر ٹیکس نہیں لگایا جاتا اور وہ اس لیے نہیں ہورہا کیونکہ یہ ٹیکس نیٹ میں نہیں آ رہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ انہوں نے کیا طوفان مچایا ہوا ہے کہ غریب کو کیا ہو جائے گا، یہ دودھ اور ڈبل کی بات کررہے ہیں لیکن ہم نے ان پر سے ٹیکس ختم کردیا ہے، ہماری حکومت تو صرف تین سال سے ہے، پچھلے 70سال سے کیا ہوا ہے، جی ڈی پی کی مناسبت سے ٹیکس کب 18 سے 19فیصد پر گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہم ٹیکس کو 18سے 19فیصد نہیں کریں گے اس وقت تک چھ سے آٹھ شرح نمو نہیں دکھا سکتے، یہ سب جانتے ہیں لیکن شتر مرغ بنے ہوئے ہیں۔اس کے بعد فنانس بل کی شق وار منظوری کا عمل شروع ہوا لیکن اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے اسے مسترد کردیا گیا۔احسن اقبال اور اسپیکر اسد قیصر میں ایوان میں گنتی کے معاملے پر بحث ہوئی لیکن اسپیکر قومی اسمبلی نے دوبارہ گنتی کرانے سے انکار کردیا۔