وائس چانسلر گومل یونیورسٹی اور ڈین گومل میڈیکل کالج نے دونوں اداروں کے مابین تعلیمی اور تحقیقی تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے

ڈیرہ اسماعیل خان( ویب نیوز )

وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد اور ڈین /چیف ایگزیکٹو گومل میڈیکل کالج ڈیرہ اسماعیل خان پروفیسرڈاکٹر امیر امان اللہ نے دونوں اداروں کے مابین تعلیمی اور تحقیقی تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ اس موقع پر دونوں تعلیمی اداروں کے فوکل پرسنزڈاکٹر زاہد رسول نیازی سربراہ شعبہ فارمیسی گومل یونیورسٹی اورپروفیسر ڈاکٹر محمد مروت گومل میڈیکل کالج نے بھی دستخط کئے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت میڈیکل سائنسز، فارمیسی، الائیڈ ہیلتھ سائنسز، بائیوٹیکنالوجی، مائیکرو بائیالوجی، بائیالوجیکل سائنسز، ہیومن جینیٹکس، پبلک ہیلتھ، شماریات، سوشل سائنسز، کے شعبے میں طلباء اور اساتذہ کیلئے تدریس و تحقیق کیساتھ ساتھ تکنیکی عملے کی تربیت میں دونوں تعلیمی ادارے ایک دوسرے کی معاونت کریں گے۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت گومل یونیورسٹی اور گومل میڈیکل کالج کی ترقی و خوشحالی کا سنگ میل ثابت ہو گی۔ جس سے دونوں اداورں کے طلباء ہی نہیں بلکہ اساتذہ بھی مستفید ہوں گے۔اس موقع پر ڈین /چیف ایگزیکٹو گومل میڈیکل کالج ڈیرہ اسماعیل خان پروفیسرڈاکٹر امیر امان اللہ نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت سے دونوں تعلیمی اداروں میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو آگے بڑھانا اور جدید ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا جائے گا۔اس موقع پر گومل میڈیکل کالج کے شعبہ بائیو کیمسٹری کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عالمشیر اورگومل یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی کے سربراہ ڈاکٹر زاہد رسول نیازی بھی موجود تھے۔