گومل یونیورسٹی کے وینسم کالج بوائزاینڈ فی میل سیکشن میں کشمیر ڈے کے حوالے سے پروقار تقریبات کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان(ویب نیوز )

گومل یونیورسٹی کے وینسم کالج کے بوائز اینڈ فی میل سیکشن میں علیحدہ علیحدہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ گومل یونیورسٹی وینسم کالج بوائز سیکشن میں تقریب پرنسپل ڈاکٹر بدر جبکہ فی میل سیکشن میں ہونیوالی تقریب پرنسپل ڈاکٹر شہلا شیخ کی قیادت میں منعقد ہو ئی۔ تقریب میں طلباء نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور ان پر ہونیوالے بھارتی مظالم کیخلاف ٹیبلو بھی پیش کیا۔اس موقع پر بچوں کے مابین کوائز،اور مضمون نویسی کے مقابلہ بھی ہوئے۔ڈاکٹر بدر اور ڈاکٹر شہلا شیخ نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی افواج کے کشمیر ی عوام پر ہونیوالی مظالم پر عالمی میڈیا کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہی نہیں بلکہ شرمناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن سے پاکستان سے ایک پیغام پوری دنیا کو جاتا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہر پاکستانی کا دل اپنے کشمیری ماں، بہن، بھائی،بچوں اور بزرگوں کے ساتھ دھڑکتا ہے اورپاکستان کشمیر کی آزادی تک ان کے ساتھ نہ صرف کھڑا ہے بلکہ ہر فورم پر ان کا مقدمہ لڑتا رہے گا۔ تقریب میں طلباء نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور ان پر ہندوستانی افواج کی کھلم کھلا دہشتگردی اور مظالم پر تقاریر بھی کیں

۔تقریب کے اختتام پر کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کیلئے واک کا بھی اہتمام کیا۔ تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض اعجاز حسین قریشی نے انجام دیئے۔