نوشکی میںایف سی کیمپ پر حملے میں 9دہشت گرد ہلاک اور ایک افسر سمیت 4 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا

سکیورٹی فورسز نے چار سے پانچ دہشت گردوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے،دہشت گردوں کے بھارت اور افغانستان میں رابطے تھے

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں کی کیمپوں پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو مقابلے میں ہلاک کردیا جبکہ ایک افسر سمیت 7 جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد ہلاک اور ایک افسر سمیت سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نوشکی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی)کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کا فوری جواب دیا گیا۔دوسری جانب پنجگور میں فورسز پر حملے میں چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ 3 فوجی شہید اور 4 زخمی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے چار سے پانچ دہشت گردوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ دہشت گرد اور ان کے ہینڈلرز بھارت اور افغانستان میں رابطے میں تھے۔دوسری جانب وزیراعلی بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے نوشکی اور پنجگور میں ایف سی کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے سکیورٹی فورسز کو جرات دکھانے اور دہشت گردوں کے حملے ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہماری بہادر سکیورٹی فورسز کو مرعوب نہیں کرسکتے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری سکیورٹی فورسز تاریخ رقم کر رہی ہیں، دہشت گرد یاد رکھیں ان کا مقابلہ دنیا کی بہترین فوج سے ہے جو انہیں ہر محاذ پر شکست سے دوچار کرے گی۔