افغانستان کو گندم کی فراہمی، پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات طے

گندم کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے آخر تک بھجوائے جانے کا امکان

اسلام آباد( ویب  نیوز) افغانستان کو بھارتی گندم کی فراہمی کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات طے پاگئے، گندم کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے آخر تک بھجوائے جانے کا امکان ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق افغانستان کو بھارتی گندم بھجوانے کے معاملے پر پاکستان اور بھارت میں معاملات طے ہوگئے، بھارت 50 ہزار میٹرک ٹن گندم پاکستان کے راستے ہی بھجوائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی گندم افغان ٹرانسپورٹ کے ذریعے ہی کابل بھجوائی جائے گی، اس سلسلے میں بھارت نے افغان ٹرانسپورٹ اور ڈرائیورزکی تفصیلات پاکستان کے حوالے کردیں۔ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے60 افغان ٹرکوں اورڈرائیوروں کی تفصیلات پاکستان کوبھجوائی ہیں اور پاکستان سے 60 افغان ڈرائیورز کے لیے پاکستانی ویزے کی درخواست کردی۔ذرائع کے مطابق بھارت 16فروری سے گندم کی فراہمی پر کام شروع کردے گا، واہگہ بارڈر کے ذریعے گندم افغان ٹرکوں کے ذریعے افغانستان بھجوائی جائے گی۔اس حوالے سے ذرائع وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی فراہم تفصیلات پر کام شروع کردیا ہے ، پاکستان کو بھارتی تفصیلات موصول ہوگئیں اور تمام پاکستانی متعلقہ اداروں کو گندم کی ٹرانسپورٹیشن سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔گندم کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے آخر تک بھجوائے جانے کا امکان ہے۔خیال رہے بھارت نے 50ہزار میٹرک ٹن گندم بھجوانے کا اعلان کیا تھا اور گندم پاکستان راستے سے بھجوانے کی درخواست کی تھی۔بھارت نے گندم بھارتی یا افغان ٹرکوں سے براستہ پاکستان بھجوانے کا مطالبہ کیا تھا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی گندم ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعے افغانستان میں تقسیم کی جائے گی، گندم کے علاوہ بھارت دواوں کی بھاری کھیپ بھی افغانستان بھجوائے گا۔