بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور 66 اسکالرشپ فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

فاؤنڈیشن کی جانب سے 11 طلبا میں سمسٹر کی فیس  کے چیک  بھی تقسیم کیےگئے 

اسلام آباد (ویب نیوز )

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد اور 66 اسکالرشپ فاؤنڈیشن نے ضرورت مند طلباء کو مالی امداد دینے کے لیے باہمی اشتراک و تعاون پر اتفاق کیا ہے، اس ضمن میں بدھ کے روز جامعہ کے  نیو کیمپس میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے  صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی  اور66 اسکالرشپ فاؤنڈیش کے  چیف ایگزیکٹو نوید افراز نے دستخط کیے۔ تقریب میں نائب صدر تدریسی امور پروفیسر ڈاکٹر ایاز افسر نے بھی شرکت کی۔

دونوں اداروں  نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسکالرشپ، جانچ پڑتال کے بعد،  انڈر گریجویٹ پروگراموں اور ڈپلومہ آف ایڈوانسڈ الیکٹرانکس  کے طلباء کو فراہم کی جائیں گی۔ اس بات پربھی  اتفاق کیا گیا جامعہ کا متعلقہ شعبہ  فاؤنڈیشن کے فوکل پرسن کے ساتھ مل کر امیدواروں کے انٹرویو کے لیے ضروری انتظامات کرے گا۔

اس موقع پر نائب صدر انتظامی و مالیاتی امورپروفیسر ڈاکٹر نبی بخش جمانی، نائب صدر  ریسرچ اینڈ انٹرپرائز پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید، ڈاکٹر عبدالرشید ڈی جی انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اکنامکس ، ڈاکٹر ندیم احمد شیخ ڈین فکیلٹی آف انجئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، پروفیسر ڈاکٹر احسان الحق، پرنسپل اقرا۔ کالج آف ٹیکنالوجی، نزہت زرین ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ پروموشن نے فاؤنڈیشن کے نمائندوں بشمول مسٹر اینڈ مسز توقیر احمد شریفی ،کرنل و مسز قمر بشیر، بریگیڈیئر و مسز شوکت اسلم  کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر  خیالات کا تبادلہ کیا۔

قبل ازیں، 66 اسکالرشپ فاؤنڈیشن کے وفد سے ملاقات کے دوران صدر  اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمود نے سکالرشپ دینے کے لیے کی جانے والی کوششوں اور شفافیت کو سراہتے ہوئے وفد کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ادارے  مستقبل میں باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش  کریں گے  جن سے یونیورسٹی اور فاؤنڈیشن کے مشترکہ منصوبوں  کے اجرا میں مدد ملے گی ۔ 66 اسکالرشپ فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو نوید افراز نے صدر جامعہ  کو بتایا کہ 66 اسکالرشپ فاؤنڈیشن ایک خیراتی ادارہ ہے جو انڈرگریجویٹ سطح تک کے ضرورت مند طلباء کو مالی مدد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن تمام طلباء کے لیے یکساں مواقع پر یقین رکھتی ہے ۔

دریں اثناء، 66 سکالرشپ فاؤنڈیشن کی جانب سے سمسٹر بہار کی فیس کے چیک نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر ایاز افسر نے 11 مستحق طلباء میں تقسیم کئے۔ ڈاکٹر ایاز افسر نے وفد کو یونیورسٹی کےوژن، کلیات، مقاصد اور مستقبل کے منصوبوں کے  بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی انہوں نے یونیورسٹی کی ترقی اور خیراتی اداروں کے ساتھ روابط کے لیے نزہت زرین اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

بعدازاں وفد نے ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریکٹر نے مفاہمت کی یاداشت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوے فاونڈیشن کے جذبے کو سراہا۔ ان کاکہنا تھا کہ آج جو بھی پیسہ نوجوانوںکی تعلیم کے لیے صرف کیا جاے گا کل اس کے دورس نتائج قومی کی ترقی، کامیابی اور خوشحالی کی صورت میں ملیں گے۔ آخر میں وفد کو جامعہ کی مختلف لیبارٹریوں کا بھی دورہ کرایا گیا۔