حجاب کیخلاف پروپیگنڈا مہم کے خاتمہ تک بی جے پی اراکین کی کویت میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے، ارکان پارلیمنٹ کا اسپیکر کو خط

کویت سٹی ٩یےب ڈیسک)

بھارتی ریاست کرناٹک میں حجاب پر پابندی کے خلاف کویت کے ارکان پارلیمنٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان پر کویت میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔ بھارتی ریاست کرناٹک میں حجاب پر پابندی کیخلاف ارکان کویتی پارلیمنٹ نے اسپیکر کو خط لکھ دیا۔خط میں مطالبہ کیا گیا ہے حجاب کیخلاف پروپیگنڈا مہم کے خاتمہ تک بھارتیہ جنتاپارٹی اراکین کی کویت میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت مسلمانوں کے ساتھ نارواسلوک کر رہا ہے اور مسلمان خواتین کے تشخص کو پامال کر رہا ہے۔دوسری جانب رکن بھارتی پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا ہے کہ بھارت  میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور حکومتی  اقدامات نہ کرنے کے اثرات سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر کارروائی نہ کی گئی توہمیں بین الاقوامی دوست بنانے میں مشکل ہو گی۔

حجاب پہننا حق اورحجاب پہننے والی خواتین کی تذلیل افسوس ناک ہے،مظاہرین

کویت کے دارالحکومت کویت سٹی میں حجاب پر پابندی کیخلاف بھارتی سفارت خانے کے سامنے کویتی خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین خواتین نے کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی لگائے جانے کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔مظاہرہ کرنے والی کویتی خواتین کا کہنا ہے کہ حجاب پہننا حق ہے، حجاب پہننے والی خواتین کی تذلیل افسوس ناک ہے۔واضح رہے کہ کرناٹک سمیت کئی بھارتی ریاستوں میں تعلیمی اداروں میں طالبات کے لیے حجاب پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔پورے بھارت میں حجاب کی اس پابندی کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔