چوہدری برادران ساتھ کھڑے ہیں،حکومتی ٹیم کا دعویٰ

وفاقی وزرا نے  وزیراعظم کا اہم پیغام چوہدری شجاعت کو پہنچایا

اپنی بہتری کا فیصلہ کریں گے ،دونوں جانب سے آفرز موجود ہیں،پرویز الٰہی

 حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں جلد ہی بریک تھرو دیں گے،مونس الٰہی

گلے شکوے اپنوں سے ہوتے ہیں جہاں کوئی امید ہوتی ہے،اسد عمر

لاہور(ویب  نیوز)حکومتی ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ چوہدری برادران ابھی تک حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کا اعلیٰ سطح کے وفد  نے چوہدری برادران کی رہائش گاہ آئے، جہاں انہوں نے ا سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری پرویزالٰہی سے ملاقات کی، حکومتی وفد میں وفاقی وزرا اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک شامل تھے، جب کہ ق لیگ کے رہنما اور ارکان قومی اسمبلی چوہدری طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا بھی شریک تھے۔ملاقات میں تحریک عدم اعتماد، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی، جب کہ وفاقی وزرا نے  وزیراعظم کا اہم پیغام چوہدری شجاعت کو پہنچایا۔مسلم لیگ (ق)کے رہنما مونس الٰہی نے کہا کہ ہمارے حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں جلد ہی بریک تھرو دیں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم اپنی بہتری کا فیصلہ کریں گے دونوں جانب سے آفرز موجود ہیں، تمام اتحادیوں کے ساتھ مشترکہ فیصلہ کریں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران ابھی تک حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ گلے شکوے اپنوں سے ہوتے ہیں جہاں کوئی امید ہوتی ہے وہاں ہی گلہ ہوتا ہے، گلہ شکوہ اس سے کیا جاتا ہے جس سے امید اور رشتہ ہوتا ہے، رشتہ آج بھی قائم ہے، ہماری بہت اچھی اور مثبت بات چیت ہوئی ہے.