وزیراعظم پیسوں کے دو چار ٹرک مجھے بھی دے دیتے تو بات یہاں تک نہ پہنچتی،شیخ رشید

 کیڑے مکوڑے پیسے لے کر اپنے ضمیر کو بیچتے ہیں، صدام حسین اور اسامہ بن لادن کا مال کھایا

ضمیر فروشوں کی سوچ جو مرضی ہو لیکن عوام کا ووٹ عمران خان کے ساتھ ہے، تقریب سے خطاب

اسلام آباد (ویب  نیوز)

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مجھے مشاورت میں نہیں رکھا لیکن پیسوں کے دو چار ٹرک وزیراعظم اگر مجھے بھی دے دیتے تو بات یہاں تک نہ پہنچتی۔لیکٹرانک پاسپورٹ سہولت کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ کیڑے مکوڑے پیسے لے کر اپنے ضمیر کو بیچتے ہیں، انہوں نے صدام حسین اور اسامہ بن لادن کا مال کھایا، مال اپوزیشن کی کمزوری ہے لیکن ضمیر فروش ناکام ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ضمیر فروشوں کی سوچ جو مرضی ہو لیکن عوام کی سوچ اور ووٹ عمران خان کے ساتھ ہے، عمران خان کے ساتھ میں چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ سارے لوگ تھوڑے عرصے کی بات ہے، آئندہ الیکشن میں آپ کی مقبولیت مزید بڑھے گی اور یہ سب چل کر آپ کے پاس واپس آئیں گے لیکن تب ان کو لات مار دینا لیکن عمران خان سب کو معاف کر دیتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ گیٹ نمبر 4 جی ایچ کیو کی پیداوار ہیں اور حمیدگل ان کا سیاسی مشیر ہوتا تھا، سب جانتے ہیں کہ میثاق جمہوریت کس نے کرایا تھا۔شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ انہوں نے سعودی بادشاہ عبداللہ کے ذریعے فوج پر دبائو ڈالا اور فوج کو مجبور کیا لیکن وہ ایسا نہیں چاہتی تھی کہ یہ سعودی عرب جائیں۔ اسی طرح کا ڈرامہ اٹک میں ہوا اور یہ بیمار ہوگئے جس کے بعد آرمی کے میڈیکل بورڈ نے رپورٹ دی کہ انکی صحت بڑی نازک ہے اور علاج کی غرض سے باہر جانے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔