دفتر خارجہ کی کراچی دھماکے کی شدید مذمت

اسلا م آباد (ویب نیوز)

دفتر خارجہ نے جامعہ کراچی میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاک چین دوستی اور جاری تعاون پر براہ راست حملہ قرار دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے قابلِ مذمت دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حملے میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ میں کام کرنے والے چینی شہریوں سمیت دیگر معصوم افراد کی جانیں گئیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور عوام جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔عاصم افتخار نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، دھماکے میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بزدلانہ واقعہ پاک چین دوستی اور جاری تعاون پر براہِ راست حملہ ہے، پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور پاکستان میں اداروں کی حفاظت کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

بلاول اور آصف زرداری کی جامعہ کراچی دھماکے کی شدید مذمت

چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیئے اقدامات کیئے جائیں،بلاول بھٹو

 پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے جامعہ کراچی میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے اپنے ایک بیان میں جامعہ کراچی دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا اور پاکستانی عوام کی جانب سے چین کی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یقین ہے، سندھ پولیس واقع کی وجوہات تک جلد پہنچ جائے گی، واقعہ میں ملوث درندے بھی جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیئے اقدامات کیئے جائیں۔دوسری طرف سابق صدر آصف علی زرداری نے کراچی بم دھماکے میں معصوم افراد کی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے اور چینی باشندوں کی ہلاکت پر چین کی حکومت سے اظہار افسوس کیا ہے۔انہوں نے سندھ حکومت کوہدایت کی کہ بم دھماکے کی تحقیقات کر کے مجرموں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، بم دھماکے میں زخمی افراد کی زندگی بچانے کیلئے انہیں بہترین طبی امداد دی جائے، بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں اور منصوبہ سازوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔