وزیراعلیٰ تامل ناڈو کا سوگوار خاندانوں سے گہرے دکھ کا اظہار ،مرنے والوں کے ورثا کو 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان

نئی دہلی (ویب ڈیسک)

بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے ایک مندر میں ہندو مذہبی جلوس کے دوران کرنٹ لگنے سے 11 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ۔بھارتی میڈیا  کے مطابق افسوس ناک واقعہ علی الصبح تامل ناڈو کے ضلع تھان جاور کے گائوں کالی میدو میں پیش آیا۔پولیس نے بتایا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذہبی جلوس میں چلنے والی مندر کی رتھ بجلی کی ایک ہائی ٹرانسمیشن لائن سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں وہ جل کر مکمل طور پر خاکستر ہو گئی۔عینی شاہدین کے مطابق مندر کی رتھ کو جلوس کے راستے میں ایک جگہ سے موڑنے میں رکاوٹ پیش آئی تو موڑنے کی کوشش میں وہ الٹ گئی۔ اِسی دوران رتھ اوپر سے گزرنے والے بجلی کے ہائی وولٹیج تاروں سے چھو گئی جس سے اس پر بیٹھے افراد کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہو کر نیچے گر گئے۔واقعہ میں ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں جبکہ دیگر زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کرکے طبی امداد دی گئی۔تیروچرپالی کے آئی جی پولیس وی بالکرشنان نے کہا کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے سٹالن نے سوگوار خاندانوں سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے ورثا کو 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔