اسلام آباد (ویب نیوز)

حکومت نے تحریک انصاف کے ساتھ معاہدہ طے پانے کی تردید کردی۔وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا، حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور معاہدہ کی خبر بے بنیاد ہے، پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مسلح جتھے کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔قبل ازیں ذرائع سے خبر سامنے آئی تھی کہ حکومت اپوزیشن معاہدے کے تحت صرف جلسہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

عمران خان جلسہ سے خطاب کریں گے اور واپس چلے جائیں گے۔ سپریم کورٹ میں اس کا مزید طریقہ کار سامنے آئے گا۔ حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین میٹنگ میں اسد عمر، پرویز خٹک، یوسف رضا گیلانی اور ایاز صادق شامل تھے۔

دوسری جانب اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کو ایف نائن پارک یا پریڈ گرانڈ پر مشروط طور پر احتجاج کی اجازت دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے چیف کمشنر اسلام آباد کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے لیے مناسب جگہ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔