اسلام آباد (ویب نیوز)

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 255,946 خاندانوں میں 6 ارب روپے سے زائد کی امداد سیلاب ریلیف کیش اسسٹنس کے تحت تقسیم کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری کی خصوصی ہدایات پر اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی خصوصی کوآرڈینیشن کے ساتھ بی آئی ایس پی کے پارٹنر بینکوں کے ادائیگی مراکز اتوار  کو چھٹی کے روز کھلے رکھے گئے ہیں تاکہ سیلاب متاثرین کو ادائیگیوں کی آسانی سے ادائیگی کی جاسکے۔ سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اس پروگرام کے تحت اب تک 255,946 سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں مجموعی طور پر 6,434,111,806 روپے کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ اس وقت بلوچستان میں 38,930 متاثرہ خاندانوں کو 984,007,726روپے مل چکے ہیں۔ سندھ میں 154,860خاندانوں کو 3,888,417,506 روپے مل چکے ہیں۔کے پی میں 20,799 خاندانوں کو 522,441,500اور پنجاب میں 41,357 خاندانوں کو 1,039,245,074روپے موصول ہوئے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے کیمپ سائٹس پر موجود متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کریں۔متاثرہ خاندان فلڈ ریلیف کیش اسسٹنس پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے اپنا  قومی شناختی کارڈ نمبر 8171پر بھیج سکتے ہیں اور ادائیگی کا پیغام موصول ہونے پر وہ اپنی ادائیگی حاصل کرنے کے لیے اپنے قریبی کیمپ سائٹ پر جا سکتے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈ کوارٹر میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ ادائیگیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ امداد اور دیگر متعلقہ معلومات کے لیے لوگ صبح 8:00 بجے سے شام 7:00 بجے تک بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر جا سکتے ہیں یا ٹیلی فون نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔