ہم اپنی عزت نہیں کرتے اس لئے سبز پاسپورٹ کی عزت نہیں ہوتی،میری حکومت کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا

الیکشن کے بعد دو تہائی اکثریت کے ساتھ عمران خان وزیراعظم بنیں گے تو اس وقت کالا باغ ڈیم بنے گا،چوہدری پرویز الہیٰ

کارڈیالوجی  ہسپتال کو 500 بیڈز پر لے جا رہا ہوں، بچوں کے دلوں کا آپریشن اب گجرات میں ہو گا، بھارت اور یورپ میں جانے کی ضروت نہیں رہے گی

جس دن عمران خان نے کہا شہباز شریف کو اسلام آباد میں ہی بند کر دو ہم ادھر ہی بند کر دیں گے،مونس الہیٰ کا پی ٹی آئی کے جلسہ سے خطاب

گجرات (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اپنی عزت نہیں کرتے اس لئے سبز پاسپورٹ کی عزت نہیں ہوتی، دنیا سے عزت کروانی ہے تو اپنی عزت خود کریں، اس موقع پر وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد دو تہائی اکثریت کے ساتھ عمران خان وزیراعظم بنیں گے تو اس وقت کالا باغ ڈیم بنے گا، یہ عمران خان کے علاوہ کوئی نہیں بنا سکتا، اس سے بجلی بنے گی، پانی بھی محفوظ ہو گا، تمام ایکسپرٹ کو دوبارہ بٹھایا جا سکتا ہے، کام شروع کیا جا سکتا ہے۔ گجرات میں پی ٹی آئی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج کے جلسے نے گجرات میں جلسوں کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے، مجھے معلوم ہے کہ ڈیزل کی قیمتیں کہاں سے کہاں چلی گئیں، ہماری حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا تو پٹرول 150 روپے اور ڈیزل 145 روپے تھا، جب ڈیزل مہنگا ہوتا ہے تو سب کچھ مہنگا ہو جاتا ہے، میں قوم کو جگانے کی کوشش کر رہا ہوں، قوم میں شعور آ چکا ہے اس کے بعد انقلاب آئے گا، وہ انسان ترقی کرتا ہے جو بڑا خواب دیکھتا ہے، آج مہنگائی کہاں سے کہاں پہنچ گئی،  سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ حقیقی آزادی تک قوم کی پرواز اوپر نہیں جاتی، غلام اوپر نہیں جا سکتے، غلام صرف اچھے غلام بن سکتے ہیں لیکن آزاد انسان اقبال کے شاہین بن سکتے ہیں، قائداعظم ایک غلام ہندوستان میں آزاد انسان تھے، عزت پیسے سے نہیں مل سکتی، دنیا سے عزت کروانی ہے تو اپنی عزت خود کریں، ہم نے اپنے لوگوں کو حقوق دینے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مانگنے والا آئے تو مجبوری بتا کر ہی پیسے مانگتا ہے، واپس نہیں کرتا، ہم ایک عظیم قوم ہیں لیکن سب سے پہلے ہمیں خود کو آزاد کرنا ہے، سب سے پہلے ہم نے اس ملک کے انصاف کے نظام کو ٹھیک کرنا ہے، چوروں کے ٹولے کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا، حقیقی آزادی میں ہم نے کمزروں کو تحفظ دینا ہے، روس مجھے کم قیمت پر تیل دے تو میں کیوں نہ لوں، بھارت روس سے 40 فیصد کم قیمت پر تیل خرید سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں؟، یہ روس سے سستاتیل نہیں لیں گے کیونکہ امریکا ناراض ہوگا، جنہیں مسلط کیا گیا ہے انہیں جو آرڈر ملے گا وہ کریں گے، میری حکومت کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔ تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارے قائد ، ہمارے لیڈر عمران خان، نوجوان دوستو، ساتھیوں اور تمام خواتین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عمران خان کو یقین دلاتا ہوں گجرات کی سر زمین وفا کی زمین ہے، یہاں پر سب سے زیادہ نشان حیدر ہیں، ملک کی کوئی ایسی جنگ نہیں جس میں گجرات کے سپوتوں نے جام شہادت اور نشان حیدر نہ لیا ہو۔ گجرات کا ماحول تعلیم سے بدلا ہے، 10 لڑکیوں سمیت 17 ہزار طلبہ پڑھتے ہیں، یہاں پر دشمنیاں بہت ہوتی تھیں، قتل و غارت ہوتی تھیں، اب ہم نے بہت کچھ بدل دی ہے، حمزہ ککڑی نے یہاں لیپ ٹاپ تقسیم کیے تو کہا لڑکیوں کو کہا آئندہ الیکشن میں ہمیں یاد رکھنا، تو بچیوں نے کہا جنہوں نے یونیورسٹی بنائی انہیں یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں ایک اور بہت بڑی یونیورسٹی بنا رہے ہیں، تعلیم ہی ایک راستہ ہے جو صحیح ہے جس سے ملک میں تبدیلی آ سکتی ہے، بیروزگاری کو ختم کرنے کا ایک اور راستہ ہے ، گجرات میں انڈسٹریاں بنتی جا رہی ہیں، جس کے باعث بیرزگاری کا خاتمہ ہو رہا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کا گڑھ ضلع گجرات ہے۔ پرویز الہی نے کہا کہ مونس الہی نے دعوت دی اب میں بھی دعوت دیتے ہیں، عمران خان الیکشن لڑیں، میانوالی سے زیادہ ووٹ ملیں گے، وزیرآباد کارڈیالوجی کو شہباز شریف کو بند کر دیا تھا، میں نے شہباز شریف کو کہا تھا کہ میرے ساتھ دشمنی کر لو، لیکن مریضوں کے ساتھ لڑائی نہ ہو، میں اب اس کارڈیالوجی کو 500 بیڈز پر لے جا رہا ہوں، یہاں پر جدید مشینوں کے ذریعے علاج ہوںگے۔ بچوں کے دلوں کا آپریشن اب گجرات میں ہو گا، بھارت اور یورپ میں جانے کی ضروت نہیں رہے گی۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ میں بھی سیلاب زدہ علاقوں میں گیا تھا، عمرا ن خان بھی گئے تھے، اب ہم تمام ریلیف سامان عمران خان کو دے رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے عمران خان کو بہت زیادہ پیسے دیئے، شہباز شریف، کابینہ ، پی ڈی ایم والے ٹیلی تھون کریں اور اکٹھے کریں پیسے، لوگوں نے وہاں سے ان کو چھتر بھیجنے ہیں، سیلاب میں ریسکیو کی ٹیموں نے بہت کام کیا ہے، میں چاہتا ہوں عمران خان ان کی حوصلہ افزائی کریں، ہم بھی ان کی حوصلہ افزائی کریں گے، یہ تمام تحصیلوں اور دیہاتوں میں بھی ریسکیو ٹیمیں کام کرتی نظر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سارا پانی سمندر میں جا رہا ہے، کسی کو کوئی فائدہ نہیں ، پی ڈی ایم کے لوگ پانی پر سیاست کرتے ہیں، الیکشن کے بعد دو تہائی اکثریت کے ساتھ وزیراعظم بنیں گے تو اس وقت کالا باغ ڈیم بنے گا، یہ عمران خان کے علاوہ کوئی نہیں بنا سکتا، اس سے بجلی بنے گی، پانی بھی محفوظ ہو گا، کالا باغ ڈیم بننے سے لوگوں کو بہت فائدہ ہو گا، تمام ایکسپرٹ کو دوبارہ بٹھایا جا سکتا ہے، کام شروع کیا جا سکتا ہے، تمام صنعتکاروں اور تاجروں سے اپیل کرتا ہوں تمام لوگ سیلاب زدگان کے لیے امداد دیں۔ ترقی یافتہ ملک صرف عمران خان ہی بنا سکتا ہے، ہم ان کی عمر درازی کے لیے دعا کر رہے ہیں، ایک دن میں وہ دس جلسے کرتے ہیں۔ ان کی ہمت کی داد دیتا ہوں۔ اس سے قبل سابق وفاقی وزیر مونس الہی نے کہا کہ جس دن عمران خان نے کہا شہباز شریف کو اسلام آباد میں ہی بند کر دو ہم ادھر ہی بند کر دیں گے، مریم بی بی گجرات میں کارنر میٹنگ کے لیے آئی تھیں، انہوں نے بہت باتیں کیں، میں مریم بی بی کو بتانا چاہتا ہوں، انہوں نے جلسی کی ، یہاں دیکھ یہ اصل میں یہ جلسہ ہے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مریم بی بی سن لیں! ابا جی، چچا جی اور ککڑی، پی ڈی ایم سمیت سب مل جائیں تو عمران خان کے برابر نہیں ہوں گے۔ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی چیئر مین کو یقین دلاتا ہوں میانوالی سے زیادہ لیڈ گجرات سے ملے گی، عمران خان سے درخواست ہے نوجوانوں کو سمجھائیں بچوں کو سمجھائیں، بڑوں کی عزت کریں، گھر میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں، لیکن یہ اختلافات تہذیب کے دائرے میں رہ کر ہونے چاہئیں۔