سوات / دادو (صباح نیوز)

  • سڑک بحال نہ ہونے کے باعث لوگ کھانے پینے کا سامان دشوار گزار راستوں سے لانے پر مجبور
  •  علاقے سے منتخب اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کے موجود نہ ہونے پر مقامی لوگ سخت نالاں نظر آتے ہیں

سوات میں سیلاب کی تباہی کے بعد راستے اب تک بحال نہ ہوسکے جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔بحرین سے کالام کی طرف جانے والی سڑک کا کچھ حصہ سیلابی پانی میں بہہ جانے سے لوگ پریشانی کا شکار ہیں۔سڑک بحال نہ ہونے کے باعث لوگ کھانے پینے کا سامان دشوار گزار راستوں سے لانے پر مجبور ہیں۔ سوات میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے تباہی کے باوجود علاقے سے منتخب اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کے موجود نہ ہونے پر مقامی لوگ سخت نالاں نظر آتے ہیں۔

 

  • منچھر جھیل میں پانی کے دبائومیں مستقل اضافہ
  • دانستر نہر کے دروازوں پر پانی کے دبائو کے باعث ٹوٹنے کا خدشہ

سندھ کے ضلع دادو کی منچھر جھیل میں پانی کا دبائومستقل بڑھ گیا۔محکمہ آب پاشی کے مطابق کوٹری بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، بیراج کے تمام پشتے محفوظ ہیں اور عملہ الرٹ ہے سیلابی ریلا ساڑھے پانچ اور چھ لاکھ کیوسک تھا۔ دوسری جانب سندھ کے ضلع دادو کی منچھر جھیل میں پانی کا دبائومستقل بڑھ گیا، دبائو کے نتیجے میں دانستر کے دروازوں کے اوپر سے پانی اوور فلو ہو کر دانستر نہر میں داخل ہو ا۔دانستر نہر کے دروازوں پر پانی کے دبا ئوکے باعث دروازے ٹوٹنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔ منچھر جھیل میں پانی کی سطح 122 آر ایل سے زائد ہے، دانستر گیٹ کی لمبائی لوہے کی نصب شدہ چادر کے ساتھ 22فٹ ہے، جھیل کے سطح 22 فٹ سے زائد ہونے کے باعث پانی گیٹ کے اوپر سے اوور فلو ہو ا۔