‘سیرت النبی پڑھتا گیا اور میرا خوف ختم ہوتا گیا ‘

اسلام آباد (ویب نیوز )

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈرایا گیا کہ سیاست نہ کرو، یہ تمہیں ذلیل کردینگے، میری ذات اور فیملی پر کیچڑ اچھالا گیا، سیرت نبی  کوپڑھتا گیا تو میرے خوف کے بت ٹوٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں رحمت اللعالمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نبی کورحمت للعالمین کہاگیا وہ سب کیلئے رحمت بن کرآئےتھے،جو بھی معاشرہ نبی کی سیرت پرچلے گااس میں برکت آجائےگی، واضح طور پر کہتا ہوں کہ عاشق رسول ہونے کیلئے کوئی ڈگری نہیں چاہئے۔

سیرت النبی  کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے میں نے حضرت محمد  کی زندگی کو پڑھنا شروع کیا، میرا خوف ختم ہوتا گیا کیونکہ خوف انسان کو بڑے کاموں سے روکتا ہے اسے ذہن سے نکال دیں، سب کی طرح مجھے بھی موت کا خوف تھا، سب سے پہلے اس پر قابو پایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللہ کے نعرے پر بنا تھا لیکن بدقسمتی سے آج ہماری کوئی عزت نہیں کرتا، باہر سے حکم آتا ہے اور ہمارے حکمران مان لیتے ہیں، آزادی کے لیے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میرا ایمان ہے جب تک ہم نبی کریم کے بتائے راستے پر عمل نہیں کرتے ہمیں عزت نہیں ملے گی، ہمارا وزیراعظم باہر بھیک مانگ رہا ہوتا، یہ ہم سب 22 کروڑ لوگوں کیلئے شرمناک، وہ ملک جس کا نعرہ تھا لا الہ الا اللہ یعنی اللہ تیرے سوا کوئی خدا نہیں، وہ آج دنیا میں ایسے پھر رہا ہے۔

سابق وزیراعطم نے کہا کہ عاشق رسول  ہونے کے لیے کسی ڈگری کی ضرورت نہیں ہوتی، اپنےبچوں کو بتاتا ہوں کہ میری زندگی سیرت النبی  سے کیسے بدلی؟ بچوں کو اسکولوں میں سیرت النبی  پڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خوشحالی انصاف کی وجہ سے آتی ہے، تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ اوپر نہیں جاتا، قانون کی حکمرانی کے انڈیکس میں سارے مسلم ممالک 20 فیصد سے کم ہیں، وجہ یہ ہے کجہ جو ممالک بڑے ڈاکوؤں کو نہیں پکڑتے، وہ سب غریب ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انصاف کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، برطانیہ میں وزیر اعظم بھی قانون توڑنے کی جرات نہیں کر سکتا، برطانوی وزیر اعظم کو کورونا کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر ہٹا دیا گیا تھا۔