امید ہے سابق چیف جسٹس کے بہیمانہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائیگا ،بلاول بھٹو

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت نور محمد مسکانزئی کے خاران میں قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میںوزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان حکومت قاتلوں کی گرفتاری اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے تمام وسائل بروے کار لائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کی شہادت پر لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں، امید ہے کہ سابق چیف جسٹس (ر)(محمد نور محمد نور مسکانزئی کے بہیمانہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے مستونگ بم دھماکے کی بھی مذمت اور متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدل ہیں، انسان نہیں حیوان ہیں۔ دہشتگردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے معاملے پر پوری قوم ایک پیج پر ہے۔