اسلام آباد / پشاور (ویب نیوز)

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ قانونی اور آئینی طریقہ سے اقتدار سے ہٹائے جان والاشخص ریاست کو بلیک میل کر رہا ہے، اقتدار کی جنگ بعد میں بھی لڑی جاسکتی ہے، ریاست کے معاملات کو مل بیٹھ کر حل کرنے کی ضرورت ہے، ماضی میں حکمران اشرافیہ کی جانب سے جو غلطیاں سرزد ہوئی ہیں آج اسی کا کڑوا پھل کاٹ رہے ہیں، سوات اور بعض دوسرے علاقوں میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ آگ میرے اور سب کے دامن تک پہنچ سکتی ہے۔

قومی اسمبلی میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سردار اختر مینگل کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں کہا کہ سردار اختر مینگل نے جو کچھ اس ایوان میں کہا ہے اس سے اختلاف نہیں کیا جاسکتا، جو زخم ریاست کے وجود سے رس رہا ہے اس پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے، قوم نے جن کو وقار اور توقیر دی ہے ان کا فرض بنتا ہے کہ وہ ریاست کے وجود کو درپیش مسائل کا حل ڈھونڈیں، اختر مینگل نے ایسے معاملات اٹھائے ہیں جو ہماری ریاست کے جسم پر رستے ہوئے زخم ہیں، انہیں نظرنداز کرنا مہلک ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کچھ ایسے اقدامات پورے زور و شور کے ساتھ کئے گئے، اگر ان تمام اقدامات کو ماضی میں دیکھا جاتا تو حالات یہ نہ ہوتے۔ یہ بڑا گھمبیر اور ہماری ریاست کا مسئلہ ہے، یہ کسی فرد واحد یا کسی ایک شخص کا نہیں ساری قوم کا ہے، کئی ایسے معاملات ہیں جن پر ہمیں سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے، گیارہ بارہ سال پہلے سوات میں جو کچھ ہوا اب وہاں پر ایک مرتبہ پھر وہی کچھ شروع ہوگیا ہے۔ ایک بات خوش کن ہے کہ سوات کے لوگ بغیر کسی سیاسی اختلاف کے بازاروں میں نکل آئے۔ جمہوری معاشروں میں ایسا ہوتا ہے، سوات اور بعض دوسرے علاقوں میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ آگ سب کے دامن تک پہنچ سکتی ہے، وزیراعظم کو یہ مسئلہ اعلیٰ سطح پر حل کرنے کے لئے فوری توجہ دینا ہوگی۔

ان کا کہناتھا کہ ایک قوم کی حیثیت سے ہم یہ بوجھ اپنے کندھوں سے کب اتاریں گے، کسی بھی صوبے یا وفاق کی حکومت کو اپنے صوبے کے عوام کی خواہشات اور دکھ درد شیئر کرنا چاہیے، ہمارے لوگوں کا سب کچھ سیلاب کی نذر ہوگیا ہے، بلوچستان میں بے چینی کئی دہائیوں سے چلی آرہی ہے، اس کا حل ہمارے ان بھائیوں کے پاس ہے، یہ معاملات بیٹھ کر حل ہونے چاہئیں، اس ملک میں اقتدار کی ایک جنگ جاری ہے، اس اسمبلی نے قانونی اور آئینی طریقہ سے ایک حکومت کو ہٹایا مگر وہ شخص ریاست کو بلیک میل کر رہا ہے، ہم نے جو کچھ ماضی میں بویا اس کا کڑوا پھل کاٹ رہے ہیں۔ تمام حکمران اشرافیہ نے غلطیاں کی ہیں، ہر ایک سے غلطیاں سرزد ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں عدلیہ اور فوج کی مداخلت ہوتی رہی، ماضی میں فاش غلطیاں کی گئیں، اختر مینگل نے جو کچھ کہا ہے اس سے اختلاف نہیں کیا جاسکتا، جو زخم رس رہا ہے اس پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے، اس ایوان کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اقتدار کی جنگ بعد میں بھی لڑی جاسکتی ہے، ماضی میں پہلے بلوچستان میں 600 لاشیں گرائی گئیں اور اس کے ایک سال بعد لیاقت باغ کے واقعہ میں لاشیں گریں، چھوٹے صوبے لاشیں اٹھا کر خاموشی سے چلے گئے لیکن انہوں نے ملک کو نقصان نہیں پہنچایا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ میں اپنی جماعت اور حکومتی اتحاد کی طرف سے کہتا ہوں کہ سکیورٹی کے معاملات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم وفاق کو اکٹھا رکھیں، اختر مینگل نے جن خدشات کا ذکر کیا ہے وہ حقیقی ہیں، پاکستان کی چاروں اکائیاں ایک دوسرے کے ساتھ سرحدوں کے ذریعے منسلک ہیں، ہم ایک دوسرے سے لاتعلق نہیں رہ سکتے، وزیراعظم کو یہ مسئلہ اعلیٰ سطح پر حل کرنے کے لئے فوری توجہ دینا ہوگی۔

قبل ازیں بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر کہا کہ نفرت کو دنیا کی کوئی ایٹمی طاقت بھی ختم نہیں کر سکتی، نفرت اس ملک کی بنیادوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، ہمیں اس مقام تک نہ دھکیلا جائے جہاں سے ہم واپس نہ آسکیں، سردار اختر مینگل نے کہا کہ 14 جولائی کو زیارت، مستونگ اور 17 اکتوبر کو خاران میں پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ادوار میں حکومتیں بدلتی رہی ہیں مگر بلوچستان کے حالات تبدیل نہیں ہوئے، ہم یہ افسوس ناک صورتحال قومی اسمبلی اور سینٹ میں پیش کرتے رہتے ہیں مگر ہماری حالت نہیں بدلتی۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم پی ٹی آئی کے اتحادی تھے تو اگست 2018ء میں ہم نے لاپتہ افراد کی فہرست دی تھی، معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نہ مارا جائے، ملتان نشتر ہسپتال کی چھت سے ملنے والی لاشوں کے حوالے سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج کی سربراہی میں ایک عدالتی کمیشن بنایا جائے۔

کالعدم ٹی ٹی پی کا صوبائی وزیر خیبرپختونخوا سے 80 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ

کالعدم تحریک طالبان نے خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر عاطف خان سے لاکھوں روپے بھتے کا مطالبہ کردیا۔کالعدم تنظیم نے صوبائی وزیر خوراک ، کھیل و اومور نوجوانان اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف کو خان کو ایک خط لکھ کر تنبیہ کی کہ آپ ٹی ٹی پی مردان کے مطلوبہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔دستیاب کالعدم ٹی ٹی پی کے خط کی نقل کے مطابق عاطف خان کو کہا گیا کہ اگر انہیں ٹی ٹی پی کے مطلوبہ افراد کی فہرست سے نکلنا ہے تو اس کے لیے 80 لاکھ روپے دینے ہوں گے۔خط میں صوبائی وزیر کو انتباہ کیا گیا کہ ہمارے پاس آپ کے حوالے سے مکمل معلومات اور ریکارڈ موجود ہے، 3 روز کے اندر جواب دیں۔دوسری جانب عاطف خان نے کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے بھتے کی رقم کا خط موصول ہونے کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ باقی لوگوں کی طرح مجھ سے بھی بھتے کا مطالبہ کیا ہے تاہم اس سوال پر کہ کیا وزیراعلیٰ کے بھائی کو بھی بھتے کی پرچی ملی ہے؟ انہوں نے کہا کہ باقی لوگوں کا مجھے علم نہیں۔صوبائی وزیر نے کہا خط متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے، آگے ان کا کام ہے۔