دہشتگردی کے مقدمہ میں بھی عبوری ضمانت میں 9نومبر تک توسیع، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

اسلام آباد (ویب نیوز)

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ اور دہشتگردی کے مقدمات میں ضمانت میں توسیع کردی گئی۔پیر کواسلام آباد کی بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ فارن ایکسچینج ایکٹ کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں10نومبر تک توسیع کر دی ۔ بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے ممنوعہ فنڈنگ ایکسچینج ایکٹ کے کیس میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کے شریک ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔شریک ملزمان میں یونس علی رضا، سردار اظہر طارق، طارق شفیع، فیصل مقبول شامل ہیں۔معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم یونس علی رضا اور سردار رضا طارق حاضر ہیں، سینئر وکیل شاہ خاور سپریم کورٹ میں ہیں۔جج نے استفسار کیا کہ کیا شاہ خاور آئیں گے، بحث کریں گے، مقدمے میں ضمانتیں کتنی ہیں؟۔معاون وکیل نے جواب دیا کہ اس مقدمے میں 4ضمانتیں ہیں۔اس دوران ملزم طارق شفیع بھی وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہو گئے۔ملزم فیصل مقبول کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی گئی اور ان کے وکیل راجہ عبدالقدیر نے عدالت کو بتایا کہ فیصل مقبول دل کے مریض ہیں، ڈاکٹرز نے انہیں سفر کرنے سے منع کیا ہے۔معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی راستے میں ہیں، آ رہے ہیں۔عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا اور سپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے عدالت میں پیش ہونے پر سماعت دوبارہ شروع کی۔سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل انتظار پنجوتھا پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ عمران خان ایک بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہیں جو لاہور سے لانگ مارچ کی قیادت کر رہے ہیں، اس ضمن میں راستوں کی بندش اور غیر معمولی صورتحال کی بدولت وہ آج پیش نہیں ہوسکتے۔عمران خان نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور قانون کی پاسداری کی ہے ، عدالت انکی آج حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرے۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کر دی۔دوسری جانب اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ ترنول میں درج دہشتگردی کے مقدمے میں عبوری درخواست ضمانت پر استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ۔سماعت انسداد دہشتگری عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے کی، عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان جج راجہ جواد عباس کے روبرو پیش ہوئے اور عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 9نومبر تک ملتوی کر دی۔