Dollar Background

روپے کی گراوٹ،  حکومت نے سالانہ 30 ہزار سے زائد ڈالر بیرون ملک لے جانے پر پابندی لگا دی

18 سال سے بڑی عمر کے مسافروں کو سال میں 30 ہزار ڈالر جبکہ اس سے کم عمروالوں کیلئے 15 ہزار ڈالر سالانہ کی حد مقرر

اسلام آباد( ویب  نیوز)

ملک میں ڈالر کی کمی  اور روپے کی گراوٹ کے باعث سالانہ 30 ہزار ڈالر سے زائد بیرون ملک لے جانے پر پابندی لگا دی گئی، افغانستان جانے والوں کو سالانہ 30 ہزار ڈالر کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ ایف بی آر نوٹیفکیشن کے مطابق 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد ہر بیرون ملک وزٹ پر 5 ہزار ڈالر تک لے جا سکتے ہیں جبکہ 18 سال یا اس سے کم عمر کے افراد بیرون ملک وزٹ کیلئے 2 ہزار ڈالر لے جا سکیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 18 سال یا اس سے کم عمر کے افراد کیلئے سالانہ 15 ہزار ڈالر لے جانے کی اجازت ہو گی جبکہ 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد سالانہ 30 ہزار ڈالر لے جا سکتے ہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ افغانستان جانے والے افراد ایک وزٹ پر 1 ہزار ڈالر لے جا سکتے ہیں اور افغانستان جانے والے افراد سالانہ 6 ہزار ڈالر سے زائد نہیں لے جا سکیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق بیرون ملک جانے والے افراد کو سونا، جیولری یا قیمتی دھات، بیرون ملک سے آنے والے افراد کو 10 ہزار ڈالر یا زائد لانے پر ڈیکلریشن دینا ہو گا۔