لاہور / اسلام آباد (ویب نیوز)

  • جی ٹی روڈز پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک روانی متاثررہی

پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث موٹرویز اور دیگر اہم شاہراں کو بند جبکہ ملتان ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن کو معطل کر دیا گیا ۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن جبکہ لاہور ملتان موٹر وے فیض پور سے درخانہ تک شدید دھند کے باعث بند کردی گئی ۔ترجمان موٹر ویز نے بتایا کہ موٹر وے ایم 4کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم جبکہ موٹر وے ایم 5کو شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ تک بند کیا گیا۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق جی ٹی روڈز پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک روانی متاثررہی ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کر یں۔انہوں نے کہا کہ شہری غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں ،روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔دوسری جانب ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے جس کے باعث کراچی سے آنے اور جانے والی دو پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی اور شارجہ جانے والی دو پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔

 

  • ملک بھر میں شدید سردی کا راج، اسکردو میں پارہ منفی 12 تک گر گیا
  • لاہور سیالکوٹ موٹروے مکمل بند کر دی گئی، ٹرینیں اور پروازیں تاخیر کا شکار

ملک بھر میں شدید سردی کا راج ہے، اسکردو میں پارہ منفی12، استور منفی 8 اور ہنزہ میں منفی 7 تک گر گیا۔ میدانی علاقوں میں دھند کی یلغار ہے، موٹروے ایم ٹو پر لاہور سے للہ انٹر چینج تک ٹریفک معطل ہے، ایم تھری فیض پور سے درخانہ، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند رہی، ایم فائیو پر شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ تک راستے دھندلا گئے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے مکمل بند کر دی گئی، ٹرینیں اور پروازیں تاخیر کا شکارر ہیں ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہا۔جبکہ پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی ، چارسدہ ا ورڈی آئی خان میں شدید دھند چھائی رہی۔ سندھ میں سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد جبکہ پنجاب میں جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان اور رحیم یار خان میں بھی شدید دھند چھائی رہی ، جس کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم رہی۔محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ سکردو منفی 12، استور منفی 8، ہنزہ میں منفی 7، چترال، دیر، مالم جبہ میں منفی 4 تک درجہ حرارت گر چکا ہے۔