حافظ آباد میں عمران خان کی جان لینے کی کوشش کی گئی، ن لیگ کے رہنمائوں کو بیانات کے لئے بلایا گیا وہ نہیں آئے،پریس کانفرنس

لاہور (ویب نیوز)

مشیرِ داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ن لیگ نے مارچ روکنے کیلئے عمران خان اور وزراء کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ اور مصدق عباسی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام رہنمائوں نے بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ن لیگ لندن کے لوگوں نے 3 لوگوں کے نام لیے، انکوائری میں کافی حد تک پیش رفت ہو چکی ہے، امید کرتے ہیں جلد اصل مجرموں تک پہنچ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فارنزک کے مطابق گارڈز سے کوئی گولی نہیں چلی، جن کا دامن صاف ہے ان کو گھبرانا نہیں چاہیے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تسنیم حیدر نے لندن میں پریس کانفرنس کی، اس نے بتایا مریم نواز ودیگر عمران خان پر حملے میں ملوث ہیں، انہوں نے برطانوی پولیس کو شواہد مہیا کردیئے ہیں۔عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے، ن لیگ نے کہا تھا کہ مارچ کو روکیں گے، ن لیگ نے مارچ روکنے کیلئے عمران خان اور وزرا کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حافظ آباد میں عمران خان کی جان لینے کی کوشش کی گئی، ن لیگ کے رہنمائوں کو بیانات کے لیے بلایا گیا وہ نہیں آئے، پاکستان میں سیاسی شخصیات پر حملوں کی ایک تاریخ ہے، لیاقت علی خان کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کے مشیر مصدق عباسی نے کہا کہ کہا گیا تھا کہ عمران خان کے گارڈز نے بھی فائرنگ کی، گارڈز کے ہتھیاروں کا فارنزک کرالیا گیا ہے، گارڈز کے ہتھیاروں سے فائرنگ نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ زبیر نیازی نے جے آئی ٹی کو جوائن نہیں کیا، ملزم نوید کو پولی گرافک ٹیسٹ سے گزارا گیا، ملزم نوید سے پوچھا گیا کہ کیا آپ نے تربیت حاصل کی۔انکا کہنا ہے کہ پولی گرافک ٹیسٹ کے مطابق ملزم نوید نے کچھ جھوٹ بولے، ملزم نوید تربیت یافتہ ہے،پلاننگ کے تحت حملہ کیا، حملہ کرنے والے 3 لوگ تھے اس کا تعین باقی ہے۔مصدق عباسی نے مزید کہا کہ کیا وقاص کے علاوہ کوئی اور شامل تھا اس سوال پر ملزم نے جھوٹ بولا، تربیت کے سوال پر ملزم کی ٹیسٹ میں ریٹنگ مائنس تھی، حملہ آور نے پوری منصوبہ بندی سے حملہ کیا، عمران خان پر حملہ کرنے والے ایک سے زیادہ تھے، جے آئی ٹی نے 3 حوالوں سے تفتیش کرنی تھی۔انہوں نے کہا ہے کہ ملزم کا پہلا بیان پولیس نے جاری کیا۔اس بارے میں بھی انکوائری چل رہی ہے، جیسے ہی رپورٹ آئے گی سامنے لائیں گے۔انکوائری میں پیش رفت ہوچکی ہے۔امید ہے بہت جلد مرکزی کرداروں تک پہنچ جائیں گے۔