• عدالتی فیصلے پر عمل درآمد  کے لئے  مہلت دی جائے، سرکاری وکیل
  • رمضان شوگر ملز ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ اور تمام قوانین کو پورا کررہی ،وکیل درخواست گزار

لاہور  (ویب نیوز)

لاہور ہائی کورٹ نے رمضان شوگر ملز کو دو روز میں این او سی جاری کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کا حکم دے دیا۔شریف خاندان کی ملکیت رمضان شوگر ملز کو عدالتی حکم کے باوجود لائسنس جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کی جس میں عدالتی حکم پر ڈی جی ایکسائز عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کیوں فیصلے پر عمل درآمد نہیں کررہے؟، کوئی ذاتی ایشو ہے؟۔دوران سماعت سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیے لیے مہلت دی جائے، تاہم لاہور ہائی کورٹ نے 2 روز میں رمضان شوگر ملز کو این او سی جاری کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت میں درخواست گزار کی جانب سے سلیمان اسلم بٹ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔وکیل نے کہا کہ درخواست گزار رمضان شوگر ملز نے لائسنس کے حصول کے لیے تمام شرائط پورا کیں مگر اس کے باوجود سیاسی بنیادوں پر لائسنس جاری نہیں کیا جا رہا، محکمہ ایکسائز کے مطابق لائسنس کی درخواست پر کارروائی کی جارہی ہے۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ رمضان شوگر ملز ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ اور تمام قوانین کو پورا کررہی ہے، عدالت نے اس کی درخواست منظور کرتے ہوئے لائسنس کے اجرا کا حکم دیا، اس کے باوجود اسے لائسنس فراہم نہیں کیا جا رہا، نہ ہی مل کو چلانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔وکیل نے استدعا کی کہ عدالت اپنے فیصلے کی تعمیل کرنے تک شوگر ملز چلانے کی اجازت دے ساتھ ہی عدالت درخواست گزار کمپنی کو لائسنس کی فراہمی کا حکم بھی دے۔