ٹیکنیکلی ملک ڈیفالٹ کرگیا ، حکومت کو مہنگائی کی کوئی فکر نہیں ، سب مسائل کا حل ہمارے پاس ہے،سینیٹرشوکت ترین
آئی ایم ایف بتا رہا ہے پاکستان مالیاتی خسارے میں جا رہا ہے، ڈالر کی قیمت مستحکم کی جائے، پی ٹی آئی رہنما کی پریس کانفرنس
کراچی( ویب نیوز)
سابق وزیر خزانہ اور پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر شوکت ترین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف بتا رہا ہے پاکستان مالیاتی خسارے میں جا رہا ہے،ٹیکنیکلی ملک ڈیفالٹ کرگیا ، حکومت کو مہنگائی کی کوئی فکر نہیں ، سب مسائل کا حل ہمارے پاس ہے۔کراچی میں پی ٹی آئی کے ترجمان مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کی کوئی فکر نہیں ہے، اسحاق ڈار ہر ہفتے صوبوں سے رابطے کریں۔شوکت ترین کا کہنا ہے کہ غریب پیاز روٹی کھاتا ہے، لیکن آج پیاز بھی 230 روپے کلو ہے، دالیں اور پیاز پورٹ پر پڑے ہیں جاری کرائیں۔انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 4.2 ارب ڈالر رہ گئے ہیں، تاجر اسٹیٹ بینک ہیڈ آفس کے باہر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ سابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ادائیگیوں کے لیے حکومت کو پیسوں کی ضرورت ہے، ایل سیز نہ کھلنے کی وجہ سے احتجاج بھی ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما شوکت ترین نے سوال کیا کہ قرض لے کر خسارہ کتنی دیر تک پورا کیا جا سکتا ہے؟سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ٹیکنیکلی ملک ڈیفالٹ کرگیا ہے، دالیں اور پیاز بندرگاہ پر پڑی ہیں، ادویات اورتیل کی بھی قلت ہونے والی ہے۔ان کہنا تھا کہ حکومت ڈالر ریلیز کرے، آئی ایم ایف سے معاہدہ بھی کھٹائی میں پڑا ہے، جس کی وجہ ریونیو میں کمی ہے، انرجی سیکٹرمیں 123 ارب روپے شارٹ فال ہے۔ شوکت ترین نے کہا کہ ان سب مسائل کا حل ہمارے پاس ہے، ہم اس خراب معاشی صورتحال سے نکل سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات وقت پر ہونا چاہئیں، ملک میں ڈالر نہیں ہوگا تو ہر چیز کی قلت ہو جائے گی، ڈالر کی قیمت مستحکم کی جائے۔