• کمیٹی نے حکومت کو تفریحی پارکس میں مسلح افراد کے داخلے پر پابندی کی سفارش کردی ہے

اسلام آباد (ویب نیوز)

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو آئی جی پولیس  اسلام آباد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ فاطمہ جناح پارک میں لڑکی سے زیادتی سے متعلق کیس بارے کچھ  اہم شواہد مل گئے ہیں ملزم کا خاکہ بنالیا گیا ہے جب کہ کمیٹی نے حکومت کو تفریحی پارکس میں مسلح افراد کے داخلے پر پابندی کی سفارش کردی ہے ۔کمیٹی کا اجلاس پیر کو قائمہ کمیٹی کے سربراہ سینیٹرولید اقبال کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں فاطمہ جناح پارک میں لڑکی سے زیادتی  اوربچوں کے لئے قائم قومی کمیشن ایکٹ میں ترمیم کے معاملات پر غور کیا گیا۔چیئرمین کمیٹی نے فاطمہ جناح پارک کے واقعہ پر کہا کہ اس معاملے کے دو پہلو ہیں ، سمجھنا چاہتے ہیں کہ یہ افسوسناک واقعہ کیوں پیش آیا ، کیا ایسے اقدامات کیے گئے ہیں کہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں ۔اجلاس میں  سیکرٹری وزارت انسانی حقوق، آئی جی اسلام آباد اور وزارت کے اعلیٰ افسران  تھے۔آئی جی اکبر ناصر کی طرف سے فاطمہ جناح پارک میں لڑکی کی زیادتی کے واقعہ اور تحقیقات پر بریفنگ  دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہم سب ماؤں بہنوں والے ہیں مجھے ذاتی طور پر دکھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کے کیمروں اور دیگر ذرائع سے مدد لے رہے ہیں ، بہت افسوسناک اندوہناک واقعہ ہوا ،شہر کے درمیان پارک ہے جہاں یہ واقعہ رونما ہوا ،معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے ۔ آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ کیس کی تفتیش سائنسی بنیادوں پر کررہے ہیں اور یہ آگے بڑھ رہی ہے ، ہمارے پاس کچھ ثبوت ہیں جو بڑے کام کے ہیں اور کچھ کام کے نہیں ،یہ واقعہ دو فروری کو پارک کے جنگل ایریا میں ہوا ،یہ اس علاقے میں ہوا جہاں اندھیرا تھا۔واقعہ کی تحقیقات کے لئے  سی ڈی اے کے گارڈز بھی معاونت کررہے ہیں ، واقعے کے ملزم کا خاکہ بنالیا ،ہماری تحقیقات آگے بڑھی ہیں ، اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا ہم ٹھوس بنیادوں پر ہی کسی کو گرفتار کریں گے ،اس واقعے کے دو مشکوک افراد ہیں، دونوں مسلح تھے ،ہم اپنے مکمل انتظامی اقدامات کررہے ہیں ، چیئرمین سینیٹ کمیٹی ولید اقبال نے آئی جی اسلام آباد سے استفسار کیا کہ کیا یہ سزائے موت کا کیس ہو سکتا ہے ،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جی ہو سکتا ہے۔کمیٹی نے پارکوں میں مسلح افراد کے  اندر آنے  پر پابندی کی ہدایت کردی ہے۔ جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پارک میں جانے کیلئے چیکنگ سے مزید خوف پیدا ہوگا ،ہم یقین دلاتے ہیں کہ ملزم کو پکڑ کر قانون کے کٹہرے میں لائیں گے کچھ کام کے شواہد ملے ہیں ،ایسے واقعات کا معاشرے کے رویوں سے تعلق ہے ۔چیئرمین سی ڈی اے نورالا مین مینگل نے  بریفنگ دی کہ ہم نے ایف نائن پارک کی پیٹرولنگ میں اضافہ کردیا، پہلے دو اب 12 موٹرسائیکلیں کردی ہیں ، پہلے کوئی ذمہ دار نہیں تھا ۔یہاں یہ افسوسناک واقعہ ہے میں نے خود جگہ کا دورہ کیا ہے ،یہ پارک ساڑھے سات سو ایکٹر ہر پر مشتمل جس میں 5 سو ایکٹر جنگل پر مشتمل ہے ،ہم ایک سو مزید کیمرے نصب کررہے ہیں جنہیں سیف سٹی سے منسلک کریں گے ، چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پارکوں میں 100 ملین روپے سولر پینلز کے لئے چاہیں تھے اسکے پیسے جاری کردئیے ہیں ،یہ شمسی پینلز ریورس میٹرنگ کے ذریعے دن کو واپڈا کو بجلی دیں گے اور رات کو یہی بجلی استعمال کریں گے، اس سے بجلی کا بل بھی نہیں آئے گا اور پارکوں میں رات کو روشنی بھی ہوگی ،چیئرمین سی ڈی اینے بتایا کہ ہم سول سوسائٹی کمیٹی بنا رہے ہیں ہمیں قائمہ کمیٹی دو ناموں سے آگاہ کرے۔ اجلاس میں بچوں کے لئے قومی کمیشن ایکٹ میں ترمیم  کے حوالے سے کمیشن میں صوبائی سطح پر اقلیتی رکن کی شمولیت کی منظوری دیدی گئی،کمیشن میں  فاٹا کے تحلیل ہونے پر اس  نمائندگی کو ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں کے الیکٹرک نے کراچی میں بجلی سے معذور ہونے والے بچے کے والد کے ساتھ ایم او یو طے کرلیا اورکے الیکٹرک کی طرف سے ایم او یو انسانی حقوق کمیٹی میں پیش کردیا گیا ۔کمیٹی نے اتفاق رائے سے معاہدے کی منظوری دیدی۔