اسلام آباد (ویب نیوز)
وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے جمعرات کو یہاں 3 روزہ عالمی آئی ٹی سی این ایشیا نمائش کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا نمائش کا مقصد سرمایہ کاری رجحان میں اضافہ اور ٹیک کمپنیوں کے باہمی اشتراک کا فروغ ہے، 22 ویں آئی ٹی سی این نمائش کے انعقاد پر ای کامرس گیٹ وے،زونگ، اسلام آباد چیمبر آف کامرس، پاکستان سافٹ ویئر ہاس ایسوسی ایشن، پاکستان کمپیوٹر ایسوسی ایشن اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز مبارکباد کے مستحق ہیں، آئی ٹی سی این شو گذشتہ 20 برس سے تسلسل کے ساتھ ہونے والا آئی ٹی و ٹیلی کام سے متعلق بہت بڑا ایونٹ ہے، نمائش میں شریک 200 سے زائد ملکی و غیر ملکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا نمائش میں سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، این آئی ٹی بی، اگنائٹ اور پاشا کے پویلینز بھی ہیں، پاکستان میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں،سرمایہ کاروں کو وزارت آئی ٹی کی جانب سے ہر ممکن سہولت و تعاون بھی فراہم کریں گے۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام سیکٹر میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز سے زائد ہوئی ہے، ٹیلی کام ریونیو اگست 2018 میں 605 ارب روپے تھا جو 89 ارب روپے اضافہ کے ساتھ دسمبر 2022 تک 694 ارب روپے تک جاپہنچا ہے، ٹیلی کام انڈسٹری کا مجموعی حجم 16 ارب 90 کروڑ ڈالرز تک جاپہنچا ہے۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا سمارٹ فون فار آل ہمارا وژن ہے، اب پاکستان میں موبائل فون مینوفیکچرنگ ہورہی ہے، موبائل فونز اور اسمارٹ ڈیوائسز کی تیاری کی مد میں ایک کروڑ 97 لاکھ یونٹس مقامی سطح پر تیار کئے گئے جس سے ان ڈیوائسز کی امپورٹ ایک کروڑ 2 لاکھ 60 ہزار سے کم ہوکر 13 لاکھ 70 ہزار کی ریکارڈ سطح پر آگئی ہے، اگست 2018 ملک میں فعال سمز کی تعداد 15 کروڑ 24 لاکھ تھی جو دسمبر 2022 تک 19 کروڑ 27 لاکھ تک جاپہنچی ہے، اگست 2018 میں موبائل براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 5 کروڑ 80 لاکھ جبکہ دسمبر 2022 میں بڑھ کر 12 کروڑ 15 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، مجموعی طور پر موبائل اور فکسڈ براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 125 ملین تک جاپہنچی ہے۔سید امین الحق نے کہا نیشنل آئی ٹی بورڈ ، ای گورننس پروگراموں کو انجام دینے کے لیے ایک فعال کردار ادا کر رہا ہے،گزشتہ 4 سالوں کے دوران این آئی ٹی بی نے 31 سے زائد پورٹلز، 15 سے زائد موبائل ایپلیکیشنز تیار کرکے انھیں لانچ کیا ہے، وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کو متعدد مشاورت فراہم کیں اور 70 سے زائد سرکاری ویب سائٹس کو بہتر بنایا، پیپرلیس ٹریک پروگرام کے تحت این آئی ٹی بی نے 40 وزارتوں، 100 سے زائد محکموں میں ای-آفس کے نفاذ کو یقینی بنایا۔سینکڑوں وفاقی حکومت کے ملازمین کی تربیت کرتے ہوئے ان کی صلاحیت اور استعداد کار کو بڑھایا ہے،اگست 2022 کے تباہ کن سیلاب کے حوالے سے ریئل ٹائم ڈیش بورڈ بناگیا تاکہ ریلیف آپریشن اور امدادی سامان کی ترسیل کے نظام کی نگرانی کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات کے اضافہ کے لئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں ،31 دسمبر 2022 تک 2 ارب 62 کروڑ ڈالرز سے زائد کی ریکارڈ آئی ٹی و آئی ٹی خدمات کی برآمدی ترسیلات حاصل کیں۔انہوں نے کہا ڈی جی اسکلز پروگرامز کے ذریعے آن لائن 20 لاکھ نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی کی جارہی ہے،اگنائٹ کے تحت ڈی جی اسکلز پروگرامز کے تحت فری لانسنگ کورس کیلئے 33 لاکھ افراد نے رجسٹریشن کرائی جو ہدف سے 75 فیصد زائد ہے، صرف سال 2022 میں رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد 8 لاکھ 33 ہزار ہے۔ڈی جی سکلز سے تربیت یافتہ فری لانسرز نے جون 2022 تک 290 ملین ڈالرز کی خطیر رقم کماکر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ کیا۔سید امین الحق نے نمائش میں زونگ، مختلف ٹیکنالوجی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کے پویلینز کا دورہ بھی کیا اس موقع پر مختلف گیجٹس اورتخلیقی ڈیوائسز کے بارے میں انھیں بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے نمائش میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت لگائے گئے پویلین میں محکمہ ایکسائز اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹرانسفرز، ٹیکس ادائیگی، ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی سہولت فراہم کرنے کے امر کو سراہا۔