کراچی (ویب نیوز)

پاک فضائیہ نے اپریل کے وسط سے مسلح تصادم کی وجہ سے تباہ حالی کے شکار سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلا کا تیسرا مشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ۔ پاک فضائیہ کا سی130- طیارہ سوڈان سے مزید 96 پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو لے کر واپس کراچی پہنچ گیا ہے جس سے تنازعہ زدہ علاقے سے ایئرلفٹ کیے جانے والے ہم وطنوں کی تعداد 355 ہو گئی ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی ہدایت پر پی اے ایف کا ٹرانسپورٹ جہازوں کا بیڑہ مکمل پیشہ ورانہ مہارت اور اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو فوری طور پر بحفاظت پہنچانے کے عزم سے لبریز انخلا کے مشنوں کو کامیابی سے انجام دے رہا ہے۔ پاک فضائیہ کے سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلا کے کامیاب مشنوں کو حکومت پاکستان اور عوام نے بے حد سراہا ہے۔