پاک-امریکی کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری اور دونوں ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کر ر ہی ہے ،مسعود خان

واشنگٹن (ویب نیوز)

پاکستان کے 19ممتاز کاروباری رہنمائوں اور کاروباری شخصیات کے ایک گروپ نے واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ ”سلیکٹ یو ایس اے انویسٹمنٹ سمٹ”میں شرکت کی ہے۔ سلیکٹ یو ایس اے سمٹ امریکہ میں منعقد ہونے والا انتہائی اہم ایونٹ ہے جس کا مقصد دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے  کاروباری رہنمائوں کو سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے، اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور اپنے نیٹ ورک کو وسیع کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرنا ہے۔ اس سال  منعقد ہونے والی سمٹ میں دنیا کے مختلف حصوں سے چار ہزار سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔ سمٹ میں شریک پاکستانی وفد کلین  انرجی، ٹیلی کمیونیکیشن، آئی ٹی، سکیورٹی، کیمیکلز، پیکجز، فیبرکس، تعمیرات، زراعت، مینوفیکچرنگ، فوڈ اینڈ ریستوران، لاجسٹکس، تعلیم، ربڑ کی صنعت، آٹوموبائل سمیت متعدد کاروباروں  سے متعلق تھے۔ سفیر مسعود خان نے پاکستانی وفد اور سلیکٹ یو ایس اے کی قیادت کی میزبانی کی جس میں امریکی محکمہ تجارت میں ایشیا کے لیے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مس ایلین کرو نندی اور  ایس سی او فارن کمرشل سروسز نیتھن سیفرٹ شامل تھے۔اپنے خیرمقدمی کلمات میں  سفیر پاکستان مسعود خان نے پاک-امریکی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا جو پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔مسعود خان نے اس  امر کو اجاگر کیا کہ امریکہ  پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر اور پاکستانی مصنوعات کے لئے  برآمدی منڈی ہے۔ امریکہ  میں  پاکستان کی برآمدات کی بڑھتی ہوئی رفتار ، خاص طور پر آئی ٹی اور خدمات کے شعبے میں برآمدات میں مسلسل اضافے کی نشاندہی کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ 80 امریکی کاروباری ادارے پاکستان میں منافع بخش کاروباری سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں جن کی بدولت ڈیڑھ لاکھ افراد کو ملازمت جبکہ تقریباً 10 لاکھ گھرانوں کو روزی کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد امریکی کمپنیوں کے پاکستان میں دفاتر ہیں اور وہ تیل اور گیس، قابل تجدید اور گرین انرجی، زراعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں اپنے کاروبار کو بڑھانے کی خواہشمند ہیں۔سفیر پاکستان نے اس امید کا اظہار کیا کہ سلیکٹ یو ایس اے سمٹ میں شرکت کرنے والے  ممتاز پاکستانی  کاروباری شخصیات  پاکستان  میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے سلیکٹ پاکستان سمٹ کے انعقاد کے لئے اقدامات کریں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایلین کرو نندی نے سمٹ میں شریک پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کیا اور اسے سمٹ میں شرکت کرنے والا اب تک کا سب سے بڑا پاکستانی وفد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کاروباری برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ پاکستانی خواتین کی بڑی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ سال پاکستانی کاروباری خواتین بھی  اپنے کاروبار کو وسعت دینے  اور اپنے نیٹ ورکس کو بڑھانے کے لئے سمٹ میں شریک ہوں گی۔ مسعود خان نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بڑے علاقائی کاروباری ایکو سسٹم کے طور پر ابھر رہا ہے جو وسطی اور مغربی ایشیا، ترکی، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لئے ایک کاروباری مرکز کے طور پر کام کر ے گا  اور اسی لئے یہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے ایک پرکشش مقام ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کی معیشت اور کاروبار میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے خواتین کی انٹرپرینیورشپ میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔