• ڈیرہ اسماعیل خان میں علی امین گنڈاپور کے استقبال کیلئے ریلی بہت بڑی تھی،لوگ 20 کلومیٹر تک اس کی گاڑی کیساتھ پیدل چلتے رہے

لاہور( ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 75 استقبالیہ مقامات کے ساتھ علی امین گنڈاپور کی ریلی بہت بڑی تھی جس میں شریک توانائی سے بھرپور لوگ 20 کلومیٹر تک اس کی گاڑی کیساتھ پیدل چلتے رہے۔جیل اور زیرِحراست تشدد کے ذریعے نظریات کا خون نہیں کیاجاسکتا۔فسطائی اپنے ہتھکنڈوں سے قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی کی ہماری تحریک کو تقویت ہی پہنچا رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار عمران خان نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ جبکہ اپنے ایک اورٹویٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ہماری درخواست پر جاری کردہ حکم میں پرامن ریلی کو آئین کے آرٹیکلز 15, 16, 17 اور 19 کے تحت ایک بنیادی حق قرار دیے جانے اور ریلی کے دستور اور قانون کی حکمرانی کی حمایت میں ہونے کے باوجود اسلام آباد پولیس نے ہمارے مرد و خواتین کارکنان کو تخت مشق بنایا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم عملاً جنگل کے قانون کے شکنجے میں اور ایک بنانا ریپبلک میں تبدیل ہوچکے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ میں اپنے لوگوں سے اپیل کرتا آیا ہوں کہ جب تک ہم سب قانون کی حکمرانی کیلئے کھڑے نہیں ہوتے، ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں۔