• چیئرمین پی ٹی آئی علالت کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکے، ڈاکٹر نے ان کو 7 دن کیلئے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے، وکلائ

اسلام آباد (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے کی۔عمران خان کے وکلا ء نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی علالت کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکے، ڈاکٹر نے ان کو 7 دن کیلئے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔پراسیکیوٹر رضوان عباسی بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، پراسیکیوٹر رضوان عباسی کی جانب سے جو نیئر وکیل پیش ہوئے، عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 23 مئی تک ملتوی کر دی۔