پنڈی بھٹیاں ،مسافر بس اور وین میں تصادم ، آگ بھڑک اٹھی ،20افراد جھلس کرجاں بحق ،10زخمی

حادثہ صبح سوا چار بجے بس ڈرائیور کے سو جانے کے باعث پیش آیا، دونوں گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں

جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل، لاشیں ہسپتا ل منتقل ، بعض زخمیوں کی حالت تشویناک 

جھلس کر جاں بحق ہونے والے مسافروں کی شناخت کا عمل جاری ہے، ڈی این اے کے ذریعے ہوسکے گی ،ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر فہد

پک اپ وین ڈیزل لے کر جا رہی تھی،  ایک گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، معلوماتی ڈیسک اور ایمرجنسی سینٹر قائم کردیاگیا

پنڈی بھٹیاں(ویب  نیوز)

حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں موٹروے ایم فور کے قریب پک اپ وین اور کراچی سے اسلام آباد جانے والی بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں 20مسافر جھلس کر جاں بحق اور 10زخمی ہوگئے،حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں ۔ حادثہ اتوار کو صبح سوا چار بجے حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں ایم فور کے قریب مسافر بس کے ڈرائیور کے سو جانے کے باعث پیش آیا، جس کے بعدمسافر بس کو آگ لگ گئی، بس کو آگ وین سے ٹکرانے سے لگی جس کے نتیجے میں 20 مسافر جاں بحق اور10 زخمی ہو گئے، جھلس کر جاں بحق ہونے والے مسافروں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر فہدکا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتا ل میں منتقل کر دیا گیا،حادثے میں بس اور پک اپ وین کے ڈرائیور بھی جاں بحق ہوئے،جاں بحق افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ہوسکے گی ۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر راٹھور نے بتایا کہ ہسپتا ل میں لائے گئے زخمیوں کی تعداد 8 ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے،بس حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 26 سالہ عمر تعلق فیصل آباد، عالیہ عمر 25 سال، امداد عمر 18 سال، ساجد عمر 25 سال، صابر عمر 39 سال، نذر عمر 34 سال، عبیرہ عمر 10 سال، مسافیا عمر 14 سال، ذیشان عمر 20 سال جبکہ عثمان کی عمر 15 سال ہے شامل ہیں۔پولیس کے مطابق اکثرزخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ریسکیو 1122 کے مطابق ریسکیو ٹیمیں پانچ منٹ کے اندر پہنچ گئی تھی، بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں جبکہ حادثہ میں زخمی ہونے والوں میں کراچی، خیر پور، فیصل آباد، جلالپور بھٹیاں اور پنڈی بھٹیاں کے مسافر شامل تھے۔ڈی ایس پی احسان ظفر حافظ آباد نے بتایا کہ مسافر بس جل کر خاکستر ہو گئی،پک اپ وین بھی جل کر تباہ ہو گئی ،پک اپ وین ڈیزل لے کر جا رہی تھی، جبکہ ایک گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔گاڑی میں سوار بچ جانے والے مسافر نے بتایا کہ بس کا ڈرائیور رحیم یار خان میں تبدیل ہوا جبکہ پنڈی بھٹیاں ایم 3 پر ٹول پلازہ کے قریب گاڑی کا پٹرول لیک ہوا۔ موٹروے پولیس نے حادثے کے لئے معلوماتی ڈیسک اور ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا، جائے حادثہ پر ٹریفک کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا۔mk/nsr