سیکرٹ اورآرمی ایکٹ بل پرصدر کے دستخط کا معاملہ، پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ جانے کا  اعلان

صدر مملکت کے فیصلوں پر عملدرآمد روکنا غیر آئینی ہے، معاملے کو سپریم کورٹ کے سامنے رکھیں گے

اسلام آباد(ویب  نیوز)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کی تردید کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)ے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ٹویٹر پر جاری بیان میںپی ٹی آئی نے قومی و عدالتی سطح پر صدر مملکت کے موقف  کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اہم ترین قانونی مسودہ جات کی توثیق کے عمل پر صدر مملکت کا  موقف سنجیدہ اقدامات کا متقاضی ہے۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے ریاستی و حکومتی ڈھانچے میں گہرائی تک سرایت کیے گئے مرض کی نشاندہی کی ہے، صدر مملکت وفاق کی علامت، پارلیمان کا حصہ اور افواج پاکستان کے سپریم کمانڈر ہیں۔پی ٹی آئی نے کہا کہ صدر مملکت کے فیصلوں پر عملدرآمد روکنا غیر آئینی اور ناقابل قبول ہے، معاملے کو سپریم کورٹ کے سامنے رکھیں گے، چیف جسٹس سے اس معاملے کی حقیقت، ذمہ داروں کے تعین اور محاسبے کی استدعا کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پوری قوم اور تحریک انصاف آئین و قانون کی بالادستی کیلئے صدر مملکت کے ساتھ کھڑی ہے۔واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کی تردید کی ہے۔