ضلع باجوڑ میں آزاد امیدوار کا قتل: این اے 8، پی کے 22 میں انتخابات ملتوی

باجوڑ سے تحریک انصاف کے سرگرم رکن ریحان زیب کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہوں، بیرسٹر گوہر خان

اسلام آباد+ پشاور ( ویب نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں آزاد امیدوار ریحان زیب کے قتل کے بعد این اے 8 اور پی کے 22 میں انتخابات ملتوی کردیے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں انتخابات ملتوی کیے جانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ باجوڑ میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار ریحان زیب جاں بحق جب کہ 4 دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے۔ گاڑی پر فائرنگ ضلع باجوڑ کے علاقے صدیق آباد پھاٹک میں کی گئی تھی۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کاشف ذوالفقار نے بتایا تھا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ  باجوڑ سے پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم رکن ریحان زیب کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہوں، ایک محب وطن نوجوان کے سفاک قاتلوں کا سراغ لگانے اور انہیں فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ سبی میں پرامن انتخابی ریلی میں بم دھماکے اور خیبرپختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ کے اس اندوہناک واقعے کے بعد لامحالہ ہمیں تشویش ہے کہ بدترین ریاستی جبر وفسطائیت، ماورائے دستور و قانون حربوں اور ٹیکنیکل ناک آؤٹ کے قابلِ مذمت سلسلے کے بعد خونریزی اور قتل و غارت گری سے ہمارے حوصلوں کو توڑنے اور تحریک انصاف کو انتخابات سے باہر دھکیلنے کا ناقابلِ قبول منصوبہ بنایا جارہا ہے۔پاکستان تحریک انصاف بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں مکمل طور پر پرامن اور صاف شفاف انتخابات کو ملکی مفاد کاضامن سمجھتی ہے ۔تاہم ریاستی طرزِ عمل خصوصا الیکشن کمیشن اور نگران وفاقی و صوبائی حکومتوں کے کردار پر نہایت تشویش کی شکار ہے۔لازم ہے کہ ملک کے مستقبل کو بند کمروں کے منصوبوں کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے دستور اور جمہوریت کو بدرج اتم فوقیت دی جائے اور عوام کو 8 فروری کو سلامتی سے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے اور آلائش و مداخلت سے پاک مینڈیٹ کو ملک و قوم کی فلاح کا ذریعہ بننے دیا جائے۔