سینیٹ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل(منگل کو )ہو گی

نظرثانی شدہ فہرست 26 مارچ کو آویزاں کی جائے گی،امیدوار کاغذات 27مارچ تک واپس لے سکیں گے

اسلام آباد(ویب  نیوز)

سینیٹ میں 48 خالی نشستوں پر انتخابات کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل(منگل کو )ہو گی۔انتخابی شیڈول کے مطابق ان نشستوں کے لئے امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 26 مارچ کو  آویزاں کی جائے گی۔ امیدوار27مارچ تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں ارکان قومی اسمبلی سینیٹ کے ارکان کے انتخاب کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں ایک جنرل نشست اور ایک ٹیکنوکریٹس بشمول علمائے کرام شامل ہیں۔اس دوران چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان سینیٹ کی تشکیل کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔وہ ہر صوبے سے سات جنرل نشستوں، دو خواتین کی نشستوں اور ٹیکنوکریٹس بشمول علمائے کرام کے لئے دو نشستوں کے لئے سینیٹرز کا انتخاب کریں گے۔ مزید برآں پنجاب اور سندھ دونوں صوبوں سے اقلیتوں کے لئے بھی ایک ایک نشست پر انتخاب ہو گا۔