آزاد اور مالدار شخص وہی ہے جس کی روح انمول ہو، عمران خان
آزاد وہ ہوتا ہے جو مادی قیمت سے بالاترہے ،وزیراعظم کا نوجوان نسل کے لیے پیغام
ان سب کا شکرگزار ہوں جنھوں نے میرے اور خاتون اول کے لئے نیک خواہشات اور صحتیابی کی دعا کی، ٹویٹ

اسلام آباد(ویب  نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ حقیقت میں آزاد اورلبرل انسان وہ ہے جس کی قیمت نہیں ہوتی،آزاد وہ ہوتا ہے جو مادی قیمت سے بالاترہے۔کورونا کے باعث قرنطینہ میں موجود وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی نوجوان نسل کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر عظیم شاعر اور فلسفی مولانا رومی کا قول ٹوئٹ کیا۔عمران خان کے مطابق مولانا رومی کا کہنا ہے کہ اپنی روح کا سودا کسی شے سے نا کرو، روح واحد چیز ہے جو انسان کو دنیا میں لاتی اور واپس لے جاتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ایک حقیقی آزاد اور دولت مند شخص وہ ہے جس کی روح کی کوئی مادی قیمت نہیں لگائی جا سکتی۔اس سے قبل اپنی ٹویٹ میں وزیر اعظم اعظم عمران خان نے کہا کہ میں پاکستان اور بیرون ممالک سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ان سب کا شکرگزار ہوں جنھوں نے میرے اور خاتون اول کے لئے نیک خواہشات اور صحتیابی کی دعا کی۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 18مارچ کو کورونا ویکسین لگوائی تھی اور ویکسین لگوانے کے دو روز بعد ہی ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان کی قرنطینہ کے دوران کی تصویر سامنے آئی ہے۔پیر کو وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے عمران خان کی قرنطینہ کے دوران کی تصویر جاری کی ۔شہباز گل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ و زیراعظم کی صحت بہتر ہے اور ان کے حوصلے بلند ہیں، وہ گھر سے معمول کا دفتری کام بھی کررہے ہیں، اللہ کا شکر ہے آپ کی دعائوں سے وزیراعظم پرسکون ہیں۔معاون خصوصی نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ آپ سب کی دعائوں اور نیک تمناں کا شکریہ۔
#/S