اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان نے فلسطینیوں کے حقوق اور ان کی منصفانہ جدوجہدکے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کااعادہ کیاہے۔

فلسطینی صدرمحمودعباس کے ساتھ ٹیلی فون پرفلسطین کی موجودہ صورتحال پرگفتگوکرتے ہوئے انہوں نے انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا اسرائیلی خلاف ورزیوں پرعالمی برادری کو متحرک کرنے کے بارے میں پاکستان کی جانب سے بھرپورکوششوں کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے مشکل کی اس گھڑی کے دوران پاکستانی قیادت کی جانب سے مکمل تعاون کی فراہمی کااعادہ کیا۔

فلسطین کے صدرمحمودعباس نے پاکستان کی بھرپورحمایت اورغزہ اورمسجدالاقصی میں اسرائیلی حملوں پر پاکستانی قیادت کے ردعمل اورمذمتی بیان کاخیرمقدم کیا۔عمران خان نے مسجدالاقصی میں بے گناہ فلسطینیوں پرمظالم اورغزہ میں اسرائیل کی جانب سے وحشیانہ فضائی حملوں کی شدیدمذمت کی جن کے نتیجے میں بچوں سمیت متعددفلسطینی شہید ہوگئے۔دونوں رہنمائوں نے فلسطین کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا