اسلام آباد (ویب نیوز )

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بینک آف پنجاب نے عوام کیلئے ایف – 9 پارک اسلام آباد میں ڈرائیو تھرو ویکسینشن سنٹر قائم کر دیا

دی بینک آف پنجاب کی جانب سے لاہور میں کامیاب ڈرائیو تھرو ویکسینشن سنٹر کے قیام کے بعد وفاقی محکمہ صحت اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے لاہور  کے بعد ملک کا دوسرا ڈرائیو تھرو یکسینشن سنٹر قائم ایف – 9 پارک اسلام آباد میں قائم کر دیا گیا۔
دی بینک آف پنجاب کی جانب سے سماجی ذمہ داری کو پورا کرنے اور عوامی فلاح کیلئے قائم کیے جانے والے اس ویکسینشن سینٹر کا افتتاح سیکرٹری ہیلتھ حکومت پاکستان عامر خواجہ اور بی او پی کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے مشترکہ طور پر کیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے دی بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے کہا کہ ملک بھر سے اس مہلک وائر س کے خاتمے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں میں حصہ ڈالنا ہماری اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ دی بینک آف پنجاب نے پہلے سے ہی اپنے سٹاف اور ان کے خاندان کو ویکسینیشن کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف شہروں میں ویکسنیشن سینٹر قائم کیے ہوئے ہیں جبکہ لاہور میں بینک آف پنجاب کی جانب سے قائم کیے جانے والے ڈرائیو تھرو ویکسینشن سینٹر نے عوامی سطح پر شاندار کامیابی اور پذیرائی حاصل ہے۔ اس تجربے کی کامیابی کے بعدملک بھر میں اسی طرز پرسینٹر قائم کیے جا سکتے ہیں اور بینک آف پنجاب اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ حکومت پاکستان عامر خواجہ نے کہا کہ کووڈ- 19 مہلک وائرس ہے اورہم پہلی اور دوسری لہر کے دوران صرف اورصرف حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہو کر کنٹرول پائے اور اب بھی ان پر عمل پیرا ہو کر اسے قابو کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حفاظتی اقدامات جیسا کہ ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا، ہاتھوں کو وقتا فوقتا دھو نا اور رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کر کے ہم اپنی اور اپنے پیاروں کی انمول جانیں بچا سکتے ہیں۔
دی بینک آف پنجاب اپنی سماجی ذمہ داری سے عہدہ براہ ہونے کیلئے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔ ویکسینشن سینٹر شہریوں کیلئے پیر تاہفتہ رات 8 تا 2 بجے کھلا رہے گا۔ تقریب میں وفاقی حکومت، وزارت صحت اور دی بینک آف پنجاب کے عہدداران کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔