شمالی وزیرستان ، سرحد پار سے چیک پوسٹ پر فائرنگ، 2 فوجی اہلکار شہید
پاکستان کی جانب سے بھی جوابی کارروائی،شہید ہونیوالوں میں حوالدارسلیم ، لانس نائیک پرویز شامل
پاکستان کیخلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کا استعمال قابل مذمت ہے،آئی ایس پی آر
میرانشاہ (ویب  نیوز)

شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر سرحد پار فائرنگ سے پاک فوج کے 2فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق افغانستان سے دہشتگردوں کی جانب سے شمالی وزیرستان میں دواتوئی ملٹری پوسٹ پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں حوالدار سلیم عمر 43 سال اور لانس نائیک پرویزعمر 35 سال شامل ہیں جبکہ فائرنگ کے بعد پاکستانی فوجی پوسٹ کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کیخلاف دہشتگرد کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان مسلسل افغانستان سے کہہ رہا ہے کہ وہ اپنی سرحدوں پر کنٹرول موثر بنائے۔