پیکاآرڈیننس،میڈیاجوائنٹ ایکشن کمیٹی کاوزارت اطلاعات کے اجلاس سے واک آوٹ

اسلام آباد(ویب  نیوز)پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم(پیکا) ایکٹ آرڈیننس کو نامنظور کرتے ہوئے میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وزارت اطلاعات کے اجلاس سے واک آوٹ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز(پیکا) قانون میں ترامیم کے معاملے پر میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی(جے اے سی)نے وزارتِ اطلاعات کے اجلاس سے واک آوٹ کیا جبکہ میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا آرڈیننس واپس لینے تک ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وزارت اطلاعات کے اجلاس سے واک آوٹ کرنے والوں میں اے پی این ایس، سی پی این، پی ایف یو جے، پی بی اے، ایمنڈ میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی شامل ہیں۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطابق وزیراطلاعات میڈیا کو مصروف رکھ کر آرڈیننس منظور کرانا چاہتے ہیں، کئی مثالیں موجود ہیں، وزارت اطلاعات آزادی اظہار رائے کو مسخ کر رہی ہے، پی ایف یوجے اور ایمنڈ کے نمائندگان بھی میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا حصہ ہے۔کمیٹی کے مطابق صحافی برادری نے پہلے بھی حکومت کو خطرناک رجحان سے خبردار کیا تھا، ایسے اقدامات سے حکومت، عوام اور میڈیا کے درمیان دوریاں پیدا ہو رہی ہیں، وزیراطلاعات صحافتی برادری کیساتھ رابطوں کاڈرامہ رچا رہے ہیں، آزادی اظہار رائے اور شہریوں کے حقوق کیدفاع کیلئے میڈیا ادارے متحد ہیں۔