راولپنڈی چیمبر کا بزنس مین پینل میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان

اسلام آباد (ویب نیوز )

بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار ، سیکرٹری جنرل سینیٹر حاجی غلام علی ، چیئرمین ایف پی سی سی آئی مینجمنٹ کمیٹی عرفان اقبال شیخ و ٹیم کی بزنس کمیونٹی کومتحد کرنے کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بزنس مین پینل میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا ۔ راولپنڈی چیمبر کے عہدیداران کا بزنس مین پینل کے شانہ بشانہ بزنس کمیونٹی کی مشکلات کے خاتمہ اور صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے کام کرنے کا عزم ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اہم اجلاس گزشتہ روز راولپنڈی چیمبر کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا ۔جس میں بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار ، جنرل سیکرٹری سینیٹر حاجی غلام علی ‘چیئرمین ایف پی سی سی آئی مینجمنٹ کمیٹی عرفان اقبال شیخ و دیگر عہدیدران نے خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی چیمبر کے گروپ لیڈر سہیل الطاف ، صدر ندیم رئوف’ سید اسد مشہری ، ڈاکٹر حسن سہروش ‘ ایس ایم نسیم و دیگر گروپ لیڈران وسابق صدور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں بزنس کمیونٹی کو سنگین مسائل کا سامنا ہے اور بزنس کمیونٹی کی مشکلات کے خاتمہ کیلئے ایف پی سی سی آئی کا بھرپور کردار ادا کرنا وقت کی ضرورت ہے اور اس کے لئے بزنس کمیونٹی کا اتحاد و اتفاق لازمی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار کی سربراہی میں ان کی ٹیم بزنس کمیونٹی کی مشکلات کے خاتمہ اور ان کے حقوق کی بھرپور جنگ لڑ رہی ہے ۔ سہیل الطاف ، صدر ندیم رئوف نے راولپنڈی چیمبر کے تمام عہدیداران و ممبران کی متفقہ منظوری کے بعد راولپنڈی چیمبر کی بزنس مین پینل میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی چیمبر کا بی ایم پی میں شمولیت کا فیصلہ پاکستان کے تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کیلئے یکجہتی کا پیغام ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار، جنرل سیکرٹری سینیٹر حاجی غلام علی ، چیئرمین ایف پی سی سی آئی مینجمنٹ کمیٹی عرفان اقبال شیخ نے راولپنڈی چیمبر کے بزنس مین پینل میں شمولیت کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بزنس مین پینل کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ بزنس کمیونٹی ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے مسائل کے خاتمہ ، صنعت و تجارت کی ترقی ایک توانا آواز بن جائیں ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بی ایم پی کا ساتھ دیکر بزنس کمیونٹی کو نہ صرف یکجہتی کا پیغام دیا ہے بلکہ بزنس کمیونٹی کی ایک توانا آواز میں بھی اپنا حصہ ڈال دیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے دیگر چیمبرز اور ایسوسی ایشنز سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے خاتمہ اور صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بزنس مین پینل کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر کی بزنس کمیونٹی کیلئے خدمات اور صنعت و تجارت کی ترقی میں کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ۔اس موقع پر انہوں نے راولپنڈی چیمبر کے تمام عہدیدران ، ممبران ، گروپ لیڈرز، سابق صدور کو بزنس مین پینل میں شمولیت پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ہوکر توانا انداز میں بزنس کمیونٹی کی خدمت کریں گے ۔اس موقع پر ممبران ایف پی سی سی آئی مینجمنٹ کمیٹی محمد ندیم قریشی ، عمر مسعود الرحمن ، بی ایم پی عہدیدران مرزا عبدالرحمن، اسلم شیخ، حاجی فضل الٰہی ، حنا منصب ِ عظمیٰ شاہد بٹ ، اسلام آباد چیمبر کے صدر محمد زاہد قریشی نے بھی راولپنڈی چیمبر کو بزنس مین پینل میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مبارکباد دی ۔بعدازاں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے بزنس مین پینل کے قائدین کے اعزاز میں ایک پروقار ظہرانہ بھی دیا گیا ۔ آخر میں راولپنڈی چیمبر کی جانب سے مہمانان گرامی کو اعزازی شیلڈ زبھی پیش کی گئیں۔ قبل ازیں بزنس مین پینل اور ایف پی سی سی آئی عہدیداران کے چیمبر پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ چیمبر کو بی ایم پی اور ایف پی سی سی آئی عہدیداران کی بڑی بڑی تصاویر کے پوسٹرز آویزاں کیے گئے تھے۔ بی ایم پی ٹیم نے اس شاندار استقبال پر راولپنڈی چیمبر عہدیداران ، ممبران ، سابق صدور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کو خراج تحسین پیش کیا ۔