پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل پر ٹیکس لگانے کا موجودہ طریقہ کار معمول کے مطابق برقرار رکھا جائیگا،نیشنل ٹیکس کونسل میں اتفاق

اسلام آباد (ویب نیوز)

حکومت نے ریستورانوں، ہوٹلوں اور تعمیراتی خدمات پر جی ایس ٹی کی وصولی صوبوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے،ٹول مینوفیکچرنگ پر ٹیکس اور تعمیرات میں استعمال ہونے والے سامان پر سیلز ٹیکس ایف بی آر کے تحت رکھنے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل پر ٹیکس لگانے کا موجودہ طریقہ کار معمول کے مطابق برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت نیشنل ٹیکس کونسل سے متعلق اجلاس  ہوا، جس میںوزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم خان جھگڑا، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک بھر میں جی ایس ٹی کو ہم آہنگ کرنے سے متعلق گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریستورانوں،ہوٹلوں اور تعمیراتی خدمات پر جی ایس ٹی کی وصولی صوبوںکو دی جائے گی، ٹول مینوفیکچرنگ پر ٹیکس اور تعمیرات میں استعمال ہونے والے سامان پر سیلز ٹیکس ایف بی آر کے تحت رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل پر ٹیکس لگانے کا موجودہ طریقہ کار معمول کے مطابق برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے،تمام اسٹیک ہولڈرز نے نیشنل ٹیکس کونسل کے تحت وسیع تر قومی مفاد اور ہم آہنگی کے جذبے سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس موقع پر وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے جی ایس ٹی میں ہم آہنگی ضروری ہے، انھوں نے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز  یکساں جی ایس ٹی کے لئے ایک طریقہ کار وضع کریں۔ چیئرمین ایف بی آر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سنگل پورٹل تیار اور فعال کر دیا گیا ہے، صوبے ٹیکس دہندگان کو سنگل ریٹرن فائل کرنے میں سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔