شہریوں کیلئے خوش خبری،مرضی کیخلاف مارکیٹنگ پیغامات نہیں موصول ہوں گے

پی ٹی اے نے موبائل صارفین کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی پالیسی پر کام شروع کر دیا

شہریوں کی مرضی کیخلاف مارکیٹنگ کے پیغامات نہیں بھیجے جاسکیں گے، نظام متعارف کروا دیا ہے،پی ٹی اے

یکم جولائی سے موبائل کمپنیاں،ٹیلی مارکیٹرز آپشن ان اور آپشن آوٹ نظام پر عمل شروع کریں گی،پی ٹی اے نے آگاہ کر دیا

اسلام آباد(ویب  نیوز)

موبائل فون پر اشتہاری میسجز کا جھنجھٹ ختم،موبائل فون صارفین کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر نہ چاہتے ہوئے مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے موصول ہونے والے ناپسندیدہ ایس ایم ایس سے جان چھوٹنے والی ہے، پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وزیراعظم کی ہدایت پر موبائل صارفین کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی پالیسی پر کام شروع کر دیا ہے،شہریوں کی اب ان کی مرضی کیخلاف مارکیٹنگ کے پیغامات نہیں بھیجے جاسکیں گے، نظام متعارف کروا دیا ہے۔ جمعہ کے روز پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی ہدایت پر پی ٹی اے نے ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی پالیسی پر کام شروع کر دیا ہے، اب شہریوں کی مرضی کیخلاف مارکیٹنگ کے پیغامات نہیں بھیجے جاسکیں گے، اس سلسلہ میں پی ٹی اے نے باقاعدہ مارکیٹنگ ایس ایم ایس بلاک کرنے کیلئے نظام متعارف کروا دیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے موبائل کمپنیاں،ٹیلی مارکیٹرز آپشن ان اور آپشن آوٹ نظام پر عمل شروع کریں گی، ہر مارکیٹنگ میسج کے آخر میں آپشن آوٹ کیلئے لنک موجود ہوگا، آپشن آوٹ لنک پر کلک کرنیوالوں کو ایس ایم ایس مارکیٹنگ بلاک لسٹ میں ڈالا جائے گا، صرف آپشن ان لسٹ میں رہنے والے صارفین کو مارکیٹنگ ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے۔ پی ٹی اے نے بتایا کہ ٹیلی مارکیٹر کی حروف اور نمبروں پر مشتمل لسٹ تیار کی جائے گی اور تمام موبائل فون آپریٹر21 جون تک لسٹ پی ٹی اے کو جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ شہریوں کے ڈیٹا کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔