مظفرآباد (ویب ڈیسک)

وزیرخزانہ کو اپریٹو وان لینڈ ریونیو عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ حکومت کی سرپرستی میں مالیاتی خدمات پیش کرنے والے بینک آف آزاد کشمیر کی شیڈولنگ کے لیے عالمی معیار کے مطابق درکار لوازمات مکمل کیے جارہے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اور ڈپٹی گورنر کے ساتھ بینک کے چیئرمین عبدالماجد خان اور سی ای او خاور سعید کی ملاقات میں بینک کی بزنس کارکردگی ،بورڈ آف ڈائریکٹرز اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہاگیا جس کے مثبت نتائج سامنے آنے متوقع ہیں۔ جمعرات کو وزارت کے دفتر سے میڈیا کیلئے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ریاست کا کمرشل ادارہ قواعد وضوابط کے مطابق کام کرتے ہوئے شیڈولنگ کی جانب پیش رفت اور  بہترین بزنس نتائج حاصل کررہا ہے ۔بینک کی کارکردگی گزشتہ تین سال میں کئی گنا بڑھ چکی ہے اور 2022میں بینک نے 110فیصد اجافے کے ساتھ 950ملین روپے سے زائد منافع حاصل کیا ہے جب کہ صرف گزشتہ ایک سال میں بینک نے 419ملین روپے سرکاری کو بطور ٹیکس ادا کیے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ تین سال میں بینک کے اثاثہ جات 13ارب روپے سے بڑھ کر 28ارب روپے سے تجاوز کرچکے ہیں۔ بیرون ملک سے ترسیلات زر 86کروڑ روپے سے بڑھ کر 4.6ارب روپے سے زائد ہوگئے ہیں ۔وزارت خزانہ کے بیان میں مزید کہاگیا کہ  بینک ایک خودمختار ادارہ ہے جو مروجہ بینکنگ پالیسی کے مطابق  بینکاری خدمات سرانجام دے رہا ہے اس کاانٹرنل پروفیشنل آڈٹ کانظام ہے ۔علاوہ ازیں ایک آزاد عالمی شہرت یافتہ معتبر آڈٹ کمپنی بھی ہر چھے ماہ بعد آڈٹ کرتی ہے ادارے کے خلاف پھیلائی جارہی خبریں بے بنیاد ہیں۔گمراہ کن ومن گھڑت خبروں پرتوجہ نہ دی جائے۔