سپریم کورٹ نے مبینہ امریکی سائفر کی تحقیقات کے لئے دائر تینوں اپیلیں مسترد کر دیں

عمران خان چاہتے تو سائفر کی تحقیقات پر کمیشن بنا سکتے تھے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

کیا یہ چاہتے ہیں دنیا بھر کے سائفر وزارت خارجہ کے بجائے سپریم کورٹ آئیں؟ کیا جنگ کا اعلان بھی آئندہ سپریم کورٹ کرے گی؟

اسلام آباد( ویب  نیوز)

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئرترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مبینہ امریکی سائفر کی تحقیقات کے لئے دائر تینوں اپیلیں مسترد کر دیں۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے امریکہ میں متعین پاکستان کے سابق سفیر اور موجودہ سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان کی جانب سے امریکی سفارتکار ڈونلڈ لو سے ہونے والی ملاقات کے حوالہ سے بھجوائے گئے سائفر کی تحقیقات بارے ذوالفقار احمد بھٹہ ایڈووکیٹ، سید طارق بدر اور نعیم الحسن ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر اپیلوں پر ان چیمبر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے انورمنصور خان، اظہر صدیق ایڈووکیٹ ، ڈاکٹر جی ایم چوہدری ایڈووکیٹ اور دیگر پیش ہوئے۔ درخواستوں میں وفاقی حکومت ،وزیراعظم، سیکرٹری قانون و نصاف، سیکرٹری کابینہ اور دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔ تاریخ رقم کرتے ہوئے ، جسٹس قاضی فائز عیسی نے مبینہ سازش سائفر کے زریعے عمران خان کی حکومت گرانے کے معاملے پر پہلی بار ان چیمبر سماعت میں صحافیوں کو سننے اور بیٹھنے کی اجازت دی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا عمران خان چاہتے تو سائفر کی تحقیقات پر کمیشن بنا سکتے تھے،کیا یہ چاہتے ہیں کہ دنیا بھر کے سائفر وزارت خارجہ کے بجائے سپریم کورٹ آئیں؟ کیا جنگ کا اعلان بھی آئندہ سپریم کورٹ کرے گی؟جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ان چیمبر سماعت کے بعد تینوں اپیلیں مسترد کردیں۔